این اے 124: نواز شریف شاہد خاقان عباسی کو اور شہباز شریف اپنے بیٹے سلمان شہباز کو ٹکٹ دینا چاہتے ہیں


این اے 124 ضمنی انتخاب سے پہلے ہی شریف برداران میں اختلاف پیدا ہو گیا۔ شہباز شریف سلمان شہباز کو الیکشن لڑوانا چاہتے ہیں مگر نواز شریف شاہد خاقان عباسی یا عابد شیر علی کو میدان میں اتارنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے شریف برادران میں اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ نواز شریف اس حلقے سے شاہد خاقان عباسی یا عابد شیر علی کو میدان میں اتارنے کے خواہاں ہیں جبکہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس حلقے سے ٹکٹ ان کے بیٹے سلمان شہباز کو ملنا چاہئے۔

این اے 124 کی سیٹ حمزہ شہباز شریف نے چھوڑی ہے جو پنجاب اسمبلی میں چلے گئے ہیں اور شہباز شریف کا خیال ہے کہ چونکہ یہ سیٹ حمزہ شہباز شریف نے چھوڑی ہے اس لئے ان کے بھائی سلمان شہباز کو ٹکٹ دیا جانا چاہئے جبکہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے شاہد خاقان عباسی سے کمٹمنٹ کر رکھی ہے۔

شہباز شریف کا موقف ہے کہ شاہد خاقان عباسی اگر مری سے لاہور میں آ کر انتخاب لڑیں گے تو مسلم لیگ (ن) کے لئے بڑی مشکل ہو گی کیونکہ اس وقت پنجاب میں حکومت ہے اور نا ہی وفاق میں ہماری حکومت ہے لہٰذا یہاں کے مقامی شخص کو ہی الیکشن لڑنا چاہئے جبکہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر شاہد خاقان عباسی کو ٹکٹ نہیں دیا جاتا تو پھر عابد شیر علی کو ٹکٹ دے دیا جائے تاکہ وہ اس حلقے سے الیکشن لڑیں تاہم ابھی تک کچھ طے نہیں ہو سکا۔

کچھ روز پہلے بھی نواز شریف نے شہباز شریف سے کہا تھا کہ حلقہ این اے 124 میں انتخابی ٹکٹ شاہد خاقان عباسی یا عابد شیر علی میں سے کسی ایک کو دیا جائے مگر شہباز شریف ہر صورت اپنے بیٹے سلمان شہباز کو ٹکٹ دینا چاہتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).