خیالی اور حقیقی اڑن کھٹولے
بچوں میں تخیلاتی صلاحیتوں کو مہمیز دینے کے لئے ہر سماج نے اپنی روایات کے مطابق لوریاں،گیت اور کھیل متعارف کروائے تھے۔ ان کی بدولت ذہنوں میں تجسس کو بڑھاوا دیا جاتا۔ خیالات کی دنیا بسانے کی جانب راغب کرنے کی کوششیں ہوتیں۔
دو روز سے اپنی یادداشت پر بہت زور دیتے ہوئے میں بچپن میں سنا وہ Refrain پورا یاد نہیں کر پا رہا ہوں، جو کئی برسوں تک تقریباََ روزانہ ہی اپنے کئی شفیق بزرگوں سے سننے کو ملتا تھا۔ یہ بزرگ بستر پر لیٹے ہوتے تو بچے ان کے پائوں پر بیٹھ جاتے۔ بزرگوں کی ٹانگیں جھولے کی صورت اختیار کرلیتیں۔ ’’ہو نٹیں مائیاں کھنڈ کھیر کھائیاں- کھنڈ کھیر مٹھی…‘‘اور پھر نہ جانے کیا۔ اس Refrain کے آخری مصرع کے بعد بچے کو فضا میں بلند کر دیا جاتا۔
کئی بزرگ اس کھیل کے ذریعے بچوں کو ان کی پسند کے شہر کو ’’فضا سے دکھانے‘‘ کی کوشش کرتے۔ یوں محسوس ہوتا کہ ٹانگوں کو ایک خاص ردھم کے ساتھ ہلاتے ہوئے کسی اڑن کھٹولے کو فضا تک پہنچانے کی کاوش ہو رہی ہے۔ بچہ اس اڑن کھٹولے کا تنہا مسافر ہے اور اپنی ’’منزل‘‘ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے وہ فضا سے نظر آنے والے مناظر کو بیان کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
18اگست 2018 کے روز عمران خان صاحب کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد سے تحریک انصاف بھی وطنِ عزیز میں Feel Good Mood کو پروان چڑھانے کے لئے چند اڑن کھٹولے متعارف کروا رہی ہے۔ اڑن کھٹولے کا تذکرہ میں اس بحث کی وجہ سے ہرگز کرنے پر راغب نہیں ہوا جس کے ذریعے ہمیں یقین دلایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے دفتر سے بنی گالا والے گھر تک جانے کے لئے جو ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں وہ سادگی اور کفایت شعاری کی بھرپور علامت ہے۔
اس سفر کو وزیر اعظم سڑک کے ذریعے طے کریں تو سکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے طویل راستے پر روٹ لگانا پڑے گا۔ وزیر اعظم کی گاڑی کے آگے اور پیچھے کم از کم 25 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ایک کاررواں بھی ہو گا۔ راستے بند ہوں گے۔ لوگوں کو اذیت محسوس ہو گی۔ روٹ لگانے اور کاررواں کو رواں رکھنے کے لئے بے تحاشہ پٹرول بھی خرچ ہوگا۔
سادگی اور کفایت شعاری کے تقاضوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے لہذا فیصلہ ہوا کہ ہیلی کاپٹر استعمال ہو۔ میرے بھائی فواد چودھری صاحب نے بطور وزیر اطلاعات ہمیں یہ بھی بتا دیا ہے کہ ہیلی کاپٹر فی کلومیٹر 55 سے 60 روپے کے درمیان پیٹرول خرچ کرتا ہے۔ بچت ہی بچت ۔رنگ میں بھنگ ڈالنے کے لئے میڈیا والے مگر اب ایوی ایشن صنعت سے وابستہ افراد کو ڈھونڈ کر وزیر اعظم ہاوس سے بنی گالا تک کے سفر پر اُٹھے اخراجات کا حساب لگارہے ہیں۔
پنجاب کے وزیرا علیٰ عثمان بزدار صاحب البتہ اس ضمن میں خوش نصیب ٹھہرے۔ عمران خان صاحب نے انہیں تعینات کرتے ہوئے ہمیں بتایا تھا کہ موصوف کا تعلق پنجاب کے پس ماندہ ترین علاقے سے ہے۔ ان کے گاوں میں بجلی بھی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی لیکن انہیں اس عہدے کے لئے مختص جہاز بھی ملا۔ بزدار صاحب نے اپنی فیملی سمیت اس میں سفر کرکے تصویریں اتروائیں۔ جہاز کی Try ہو گئی۔ اب وہ ہوائی سفر کے ذریعے ہی میاں چنوں کسی دوست کے یہاں تعزیت کے لئے جاتے ہیں۔لگے ہاتھوں وہاں کے اسپتال کا معائنہ بھی کرلیتے ہیں اور واپسی پر پاک پتن رکتے ہیں۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ کسی زمانے میں بہت ہی توانائی سے بہتے راوی اور ستلج کے درمیانی خطے میں قائم یہ شہر جو کبھی ایودھن کہلاتا تھا اور بابا فرید کی وجہ سے پاک پتن ہوا اب پاکستان کا ’’روحانی دار الحکومت‘‘ بن چکا ہے۔ عمران خان حکومت کے اراکین کو اپنی روح کو گرمائے رکھنے کے لئے یہاں موجود بابا فرید کے دربار پر حاضری دینا ضروری ہو گی۔
عمران خان صاحب اور عثمان بزدار کے لئے ہیلی کاپٹروں کا بندوبست ہوگیا۔ مجھ ایسے خاک نشینوں کو لیکن سرکار مائی باپ کی وہ مشفق ٹانگیں میسر نہیں جو مجھے جھولاتے ہوئے ہوا میں تھوڑی دیر کو بلند کرتے ہوئے خوش گوارخیالات پر مبنی دنیا میں لے جائیں۔
ہمیں بہلانے کو بہت سے خیالی اڑن کھٹولوں کی ضرورت ہے۔ بچپن میں ایک گانا سنا تھا جس میں اک اڑن کھٹولے نے آنا اور ’’لال پری کو‘‘ لانا تھا۔ جو ’’لال پری‘‘ اس حکومت کے اصل اڑن کھٹولے نے لانی ہے وہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہے۔ اس دولت سے لندن کے ایون فیلڈ جسے پوش علاقوں میں کئی پاکستانیوں نے فلیٹ خرید رکھے ہیں۔ نشان دہی ابھی تک لیکن صرف شریف خاندان کے فلیٹوں کی ہوئی ہے۔ لندن کے علاوہ ایک شہر دُبئی بھی ہے۔ وہاں کی کئی قیمتی جائیدادیں بھی پاکستانیوں کے زیر ملکیت بتائی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم صاحب نے شہزاد اکبر نامی ایک وکیل کو اپنا معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔ یہ صاحب سنا ہے کبھی احتساب بیورو کے وکیل بھی تھے۔ وہاں سے فارغ ہوئے تو پاکستان میں سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کے خلاف FIRدرج کرواتے ہوئے ڈرون حملے رکوانے میں مصروف ہو گئے۔ یہ حملے مگر رکے نہیں۔ ان کی تعداد میں بالآخر کمی ہوئی تو وجہ اس کی اکبر صاحب کی جانب سے لکھائی FIR نہیں تھی۔
اب یہ صاحب ’’قوم کی لوٹی ہوئی‘‘ دولت واپس لانے کے فریضے پر مامور ہوئے ہیں۔ ظاہر ہے اپنا فرض نبھانے کے لئے ان کا دورہ برطانیہ بھی ضروری تھا۔ وہ ہو چکا۔ وہاں وہ کس جاسوس یا برطانو ی حکومت کے اہل کار سے ملے اس کے بارے میں ہمیں کچھ نہیں بتایا گیا۔ شاید ان کا TA/DA ادا کرنے سے قبل عمران حکومت کے کھاتا بردار معلوم کرلیں۔
ہمارے لئے اگر چہ ایک اڑن کھٹولا تیار کر دیا گیا ہے جو قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو لال پری کی صورت لائے گا۔اس وقت تک ’’ہونٹیں مائیاں-کھنڈکھیر کھائیاں-کھنڈ کھیر مٹھی…‘‘ والے Refrain سے گزارہ کریں۔ اگرچہ اس کالم کے اختتام تک پہنچتے ہوئے مجھے یاد یہ بھی آ گیا ہے کہ ’’کھنڈ کھیر‘‘تو ’’مٹھی‘‘ ہوتی ہے لیکن ’’بابے دی ہٹی؟‘‘ کھٹی۔ تاہم میرا ذہن یہ طے نہیں کر پا رہا کہ کہ بابے کی دُکان ’’کھٹی‘‘ تھی یا اسے ’’لوٹا‘‘ گیا تھا۔ ’’کھٹی‘‘ اور ’’لٹی‘‘ کے درمیان پھنس کے رہ گیا۔ شہزاد اکبر کی سجائی دُکان میں تیار ہوئی کھیر بھی آخر میں کہیں ’’کھٹی‘‘ ہی ثابت نہ ہو جائے۔
(بشکریہ روزنامہ نوائے وقت)


