کینیڈا میں سارے درخت الٹے لگے ہیں


بیوی سے نوک جھونک چلتی رہتی ہے۔ طنز کرنا ہمارا پیشہ ہے۔ وہ بھی حاضر جواب ہے اور ٹِکا ٹِکا کے جملے مارتی ہے۔
میں پہلے اعتراف کرچکا ہوں کہ میری بہت سی کہانیوں نے بیوی کے ساتھ گفتگو کے درمیان جنم لیا۔
ہم کل صبح چلے اور دس گھنٹے کی ڈرائیو کرکے ٹورنٹو پہنچے جہاں بیوی کا بھائی رہتا ہے بلکہ اس کی امی بھی پاکستان سے آئی ہوئی ہیں۔

ورجینیا، میری لینڈ، پنسلوانیا، نیویارک اس قدر خوب صورت ریاستیں ہیں اور ان کا کنٹری سائیڈ ایسا دلفریب ہے کہ دیکھنے والے سحرزدہ ہوجاتے ہیں۔ چار سو میل کی ہائی وے سرسبز پہاڑوں، گھنے جنگلوں، گھاس کے میدانوں اور پرانے امریکی قصبوں کے بیچ سے گزرتی ہے۔ مزید یہ کہ یہاں سے وہاں تک گھٹائیں چھائی ہوئی تھیں اور کئی مقامات پر خوب بارش ملی۔

ہم کینیڈا میں داخل ہوئے تو کوئنز الزبتھ اور 407 ہائی وے کے اطراف ماحول مختلف پایا۔ اس قدر سبزہ نہیں تھا۔ دھوپ بھی نکلی ہوئی تھی۔
میرے منہ سے نکلا، ”کینیڈا ویسا خوب صورت نہیں لگ رہا، جیسا امریکا ہے۔ “
بیوی کو یہ بات بری لگی۔ جیسے میں نے اس کے میکے کو برا کہہ دیا ہے۔

میں نے اس کی کیفیت کا مزہ لیا اور جان بوجھ کر اس کے جملے پکڑنے شروع کردیے۔
میں نے کہا، ”یہاں تیز دھوپ نکلی ہوئی ہے۔ “
بیوی نے کہا، ”دھوپ تو ہے لیکن اس میں ٹھنڈک ہے۔ “
میں نے فوراً کہا، ”بھلا بتاؤ! کینیڈا میں تو دھوپ تک ٹھنڈی ہوتی ہے۔ “
بچے ہنس پڑے، بیوی کا منہ بن گیا۔

کچھ دیر بعد میں نے دیکھا کہ ایک ٹرک کسی جیپ کو ٹو کرکے لے جارہا تھا۔ میں جان بوجھ کر اس ٹرک کے پیچھے لائن میں آگیا۔ پھر بیوی سے کہا،
”دیکھو یار! کینیڈا والوں کو جیپ تک ڈرائیو کرنا نہیں آتی۔ الٹی گاڑی چلاتے ہیں۔ “
بچوں نے قہقہہ لگایا۔ بیوی کھڑکی کے باہر دیکھتی رہی۔

کچھ دیر بعد ایک برج آیا۔
میں نے پھر چٹکی لی۔
”ارے بھائی! یہ کیسا ٹیڑھا پل ہے۔ کینیڈا والوں کو پل بنانا بھی نہیں آتے۔ “

بچے ٹھٹھے لگاتے رہے۔ بیوی منہ چڑاتی رہی۔
آخر ہم منزل پر پہنچ گئے۔ بھائی کا گھر جس علاقے میں ہے، وہ خاصا ہرا بھرا ہے۔
میں نے تعریف کی، ”واہ بھئی، اس ایریا میں تو بہت درخت لگے ہوئے ہیں۔ “
بیوی نے تڑپ کر کہا، ”آپ نے غور نہیں کیا؟ کینیڈا میں سارے درخت الٹے لگے ہیں۔ “

مبشر علی زیدی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi