اعتزاز احسن سے بہتر صدارتی امیدوار ممکن نہیں: ووٹ کیلئے نوازشریف کے پاس جانے پر تیار ہیں: قمر زمان کائرہ
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن سے بہتر صدارتی امیدوار نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ ن کے پاس ووٹ مانگنے گئے تھے۔ توقع تھی سب اعتزاز احسن کے نام پر متفق ہوجائیں گے۔ امید ہے فضل الرحمان ہماری دستبردار ہونے کی درخواست مان لیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے ساتھ لاہور آئے ہیں۔ مختلف ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے خفت مٹانے والی بات کی ہے۔ تمام باتیں بغیر کسی طنز کے ہو سکتی ہیں۔ ووٹ کے لئے نوازشریف کے پاس جیل جانے کے لئے بھی تیار ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ صدر کا عہدہ اب بڑے اختیارات کا حامل نہیں، اعتزاز کے صدر بننے سے عہدے کے اختیارات اہمیت اختیار کرجائیں گے اور اس عہدے کو چار چاند لگ جائیں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کوئی اتحاد نہیں ہے۔ اپوزیشن نہ پہلے متحد تھی اور نہ اب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سفر میں معافیاں نہیں مانگی جاتیں، معافی مانگنے کی روایت چلی تو ہر جماعت کو پیپلزپارٹی سے معافی مانگنی پڑے گی۔


