حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں: مسلم لیگی رہنما مشاہد اللہ خان


مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں۔ وزیر اعظم کو معلوم ہے وہ سیلکٹڈ پی ایم ہیں۔ اس لئے بلاول کی تقریر پر ڈیسک بجایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر سینیٹ میں تحریک التوا پر بحث ہوئی جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ نے الیکشن میں دھاندلی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے مشاہد اللہ کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی غیر پارلیمانی الفاظ سے اجتناب کریں۔ اس پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ لفظ لعنت غیر پارلیمانی نہیں بلکہ اردو کا لفظ ہے۔ آپ کا مسئلہ یہ ہے کہ آپ اردو کے بجائے انگلش کو زیادہ بہتر جانتے ہیں۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ یہ عجیب الیکشن ہے جس میں 17 لاکھ ووٹ مسترد کئے گئے۔ نتائج تبدیل کر کے کہا جاتا ہے کہ مدینہ کی ریاست بنائیں گے۔ انتخابات میں میڈیا پر پابندی لگائی گئی۔ صحافیوں کو ڈرا دھمکا کر کالم لکھوائے گئے۔ میڈیا کو پولنگ اسٹیشن میں جانے سے روکا گیا۔ گنتی کے عمل میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔

مشاہد اللہ نے کہا کہ رات کے دو بجے کہا گیا کہ آرٹی ایس سسٹم خراب ہوگیا۔ 8 گھنٹے تک آر ٹی ایس سسٹم ٹھیک کام کرتا رہا مگر رات 2 بجے کیا ہوا؟ حسن عسکری 5 سال تک ن لیگ کے خلاف بولتے رہے اور انہیں ہی نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب بنا دیا گیا۔ ہماری حکومت سخت جان تھی۔ سازشوں کے باوجود ترقی کے پہیے کو چلایا۔ انتخابات شفاف ہوتے تو ہم اس وقت حکومتی بنچز پر بیٹھے ہوتے۔ یہ تو مٹی کے پہلوان ہیں ۔ ان کا تو حشر ہو جائے گا۔

پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں پر کپڑا ڈال دیا گیا ۔ پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ بدل دیا گیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ آج نواز شریف اور مریم نواز قربانی دے رہے ہیں جو رنگ لائے گی۔ نواز شریف کے وزیر خزانہ،  وزیر خارجہ اور وزیر اطلاعات کے خلاف سازش کی گئی۔ کچھ عرصے بعد موجودہ حکمرانوں کے ساتھ بھی بہت کچھ ہو گا۔ حکمران پھر ہماری پناہ میں آئیں گے اور ہم تب انھیں پناہ دیں گے۔

Facebook Comments HS