آصف علی زرداری کو منی لانڈرنگ کیس سے بچنے کے لیے مرشد کا مشورہ 


کچھ عرصے سے عوام میں مقبول باتیں سچ ثابت ہو رہی ہیں جیسا کہ پانامہ کے ہنگامے سے پہلے ہی لوگ بولتے تھے کہ میاں نواز شریف جیل جائے گا اور جیسے ہی میاں نواز شریف جیل پہنچے تو لوگوں نے بولنا شروع کر دیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو اب پنجاب بھی نہیں ملے گا جو سچ ثابت ہوا۔ بس پاکستان مسلم لیگ ن کے حوالے سے ایک اور بات جس کا عوام میں مقبول ہونا ابھی باقی ہے وہ یہ کہ میاں شہباز شریف بھی جیل جائیں گے جن کے ستارے بھی گردش میں نظر آتے ہیں۔

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے حوالے سے بھی کئی باتیں عوام میں مقبول عام ہیں جیسا کہ ایک زرداری سب پہ بھاری مگر آج کل تو ”اب ہے باری زرداری کی“ کے نعرے بلند ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کیس سے پہلے بھی عوام میں افواہیں چل رہی تھی کہ میاں نواز شریف کے جیل جانے بعد آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپر کی باری ہوگی اور جیسے ہی منی لانڈرنگ کیس چلنا شروع ہوا تو یہ ان باتوں کا چرچا ہونے لگا کہ آصف علی زراری کے لیے جیل کے کمرے کی صفائی جاری ہے۔

اب جب کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس نے منی لانڈرنگ میں جے آئی ٹی بنانے کی بات کی ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے تو لوگ جی آئی ٹی رپورٹ آنے سے پہلے ہے اپنی کہی ہوئی بات کو سچ سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے تو پہلے ہی کہا تھا اب ہے باری زرداری کی اور اس کے بعد سب کا احتساب اور صفائی ہوگی اور پھر گیم ختم سمجھو سب کچھ دودھ سے دھل کر صاف ہو جائے گا۔

آج کل ہر طرف پیروں، فقیروں اور مرشدوں کے قصے و کہانیاں منظر عام پر ہیں۔ کوئی مرشد کو منانے کے لیے روڈوں پر سجدے کرتے ہوئے پایا جا رہا ہے تو کوئی مرشد کے دیے ہوئی وظیفے پڑھتے ہوئے نظر آ رہا ہے، تو کوئی مرشد کے کہنے پر چپ کا روزہ رکھ کر دل ہی دل میں ورد کرتے ہوئے ایک ٹانگ پر کھڑا نظر آ رہا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے بھی کئی مرشد ہیں۔ ان میں کچھ تو احتساب عدالتوں کے باہر ورد کرتے نظر آئے تو کچھ زرداری صاحب کے گاڑی پر دم درود کرتے ہوئے پائے گئے۔ اور کسی مرشد نے تو ان کے صدراتی دور میں انہیں پہاڑوں سے دور اور سمندر کے قریب رہنے کی تلقین کی تھی۔

مگر اب کے برس زرداری صاحب اور ان کی بہن فریال تالپر کے سب پیر و مرشد بے بس نظر آتے ہیں۔ دن بہ دن آصف علی زرداری کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں اور وہ دیکھنے میں بھی کافی کمزور دکھائی دینے لگ گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کا تو کہنا ہے کہ زرداری صاحب کی کچھ مجبوریاں ہیں جو اپوزیشن کو متحد ہونے نہیں دیتی۔ مگر کچھ لوگ تو شرجیل میمن کے شراب کی بوتلوں کو بھی زرداری صاحب کی سازش قرار دے رہے ہیں کہ لوگ ہیلی کاپٹر سے بور ہوگئے تھے، اس لیے شرجیل میمن نے اچانک اینٹری ماری اور میلہ لوٹ لیا۔

اب یہ تو زرداری صاحب ہی بتا سکتے ہیں کہ ان کے نئے مرشد نے ان کو کیا مشورہ دیا ہے جس کے کرنے سے ان کی منی لانڈرنگ کیس سمیت تمام مشکلات ختم ہو سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئی غم خوار، وفادار زرداری صاحب کو ایک ایسے مرشد کے پاس لے گئے جو چھ ماہ کے چلّے کے بعد صرف ایک دفعہ ہی بولتا ہے انہوں نے آصف علی زرداری کو حکم دیا کہ یا تو پارٹی بدل لو یا پھر جا کے فرید کی مٹکے بھرو سب پریشانیاں روئی کی طرح اڑ جائیں گی۔

اب آصف علی زرداری اس سوچ میں ہیں کہ وہ بابا فرید کے پاس جائیں یا پھر خواجہ فرید کے اور ابھی تک مرشد سے جواب نہیں ملا کیونکہ مجبوری یہ ہے کہ مرشد صاحب چھ ماہ کے چلّے کے بعد صرف ایک ہی دفعہ بولتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).