مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے معاشی مشاورتی کونسل میں عاطف میاں کی شمولیت کی حمایت کر دی
وزیر اعظم عمران خان نے معروف ماہر معیشت عاطف میاں کو معاشی کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔ عاطف میاں کے احمدی عقائد کو بنیاد بنا کر پورے ملک میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال بھی میدان میں آگئے ہیں اور واضح طور پر کہا ہے کہ میرٹ اور عقائد کو الگ الگ رکھنا چاہیے۔
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایک ٹویٹ میں عاطف میاں کی معاشی کونسل میں شرکت پر اپنا نقطہ نظر بیان کیا۔ انہوں نے لکھا اسلام میرٹ کے اصولوں کو وضع کرتا ہے ، میرٹ کو مذہب کے ساتھ گڈ مڈ نہیں کرنا چاہیے، آج کے دور میں کسی شخص کا ٹیلنٹ اور صلاحیتیں پرکھی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے میں تبدیلی کے معاملے پر مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ احسن اقبال پر انتخابی مہم کے دوران قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا تھا۔ سیاسی مبصرین احسن اقبال کی طرف سے جماعتی وابستگیوں سے بالا ہو کر اصولی موقف بیان کرنے کو سراہ رہے ہیں۔



