پاکستان نے امریکا کے ڈو مور مطالبے پر جھکنے سے انکار کر دیا
وزیراعظم عمران خان،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے مائیک پومپیو کی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا نے ایک بار پھر پاکستانی قیادت سے ڈومور کا مطالبہ کیا، جس پر پاکستانی قیادت نے دو ٹوک جواب دیا اور مائیک پومپیو پر واضح کردیا کہ صرف امریکی مفادات کے لئے نہیں جھکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی قیادت نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ باہمی تعلقات کو صرف باہمی مفادات کی بنیاد پر دیکھنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد امریکی وفد امریکی سفارت خانے چلا گیا۔ مائیک پومپیو کچھ دیر میں بھارت روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں ہونے والی گفتگو پر شاہ محمود قریشی کچھ دیر میں نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔


