بابر اعوان کا استعفی۔۔۔ دیا گیا یا لیا گیا؟


تقریباً شام 7 بجکر 20 منٹ پر ڈاکٹر بابر ا عوان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اعلان کیا کہ انہوں نے بحیثیت مشیر وزیر اعظم برائے پارلیمانی امور اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور وہ یہ انتہائی قدم قانون کی حکمرانی کے لیے اٹھا رہے ہیں۔ بابر اعوان نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب جب وزیر اعظم آفس کے مختلف ذرائع سے بات کی گئی تو معلوم ہوا کہ نیب کی ریفرنس فائل کرنے کی خبر آتے ہی ڈاکٹر بابر اعوان کو اپنے عہدے سے الگ ہونے کا کہا گیا، جواب میں بابر اعوان نے اپنے عہدے سے استعفی وزیر اعظم عمران خان سے مل کر دینے کی خواہش کا اظہار کیا تو وزیر اعظم نے فوری طور پر ملاقات کا کہا۔ ڈاکٹر بابر اعوان کے وزیر اعظم آفس پہنچنے پر ان کی وزیر اعظم سے اکیلے میں ملاقات کرائی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ استعفی اپنے ہاتھ سے لکھ دینا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی خواہش کا احترام کیا اور انہوں نے اپنے ہاتھ سے استعفی لکھ کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفی دینے کے بعد بابر اعوان تیزی کے ساتھ وزیر اعظم آفس سے نکلے اور بغیر کسی سے بات کئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چل دئیے۔ تحریک انصاف ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں سب کے لیے یہی معیار اپنایا جائے گا اور اگر کسی وزیر کے خلاف نیب ریفرنس دائر ہوتا ہے تو اسے بھی مستعفی ہونا پڑے گا۔ اس صورتحال پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی آن میڈیا افیئرز افتخار درانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بابر اعوان کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب کلیئرنس کے بعد ڈاکٹر بابر اعوان کو ان کے عہدے پر واپس بحال کر دیا جائے گا۔