نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں


لندن: کینسر کے مرض میں مبتلا سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں دوران علاج چل بسیں۔ ذرائع ابلاغ میں جاری خبروں کے مطابق نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کردی۔

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبعیت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود تھیں، جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی تھیں۔ 22 اگست 2017 کو لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

بعد ازاں یکم ستمبر 2017 کو لندن میں کلثوم نواز کے گلے کی کامیاب سرجری مکمل ہوئی تھی۔ جس کے بعد 20 ستمبر کو سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کی لندن میں کینسر کے مرض کی تیسری سرجی ہوئی تھی۔ اس کے بعد کلثوم نواز کی طبیعت کچھ بہتر ہوئی تھی تاہم رواں سال میں ان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی تھی۔

رواں سال جون کے مہینے میں کلثوم نواز کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کشمیری خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ انہوں نے 1970 میں اسلامیہ کالج سے گریجوایشن کی اور بعد ازاں ایف سی کالج سے اردو ادب میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

کلثوم نواز کو پاکستان مسلم لیگ ن کی صدر رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، کلثوم نواز نے اپنے خاوند سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سیاسی میدان میں بے حد مدد کی، اپنی خوش گفتاری اور شخصی اوصاف کی بدولت انہیں مسلم لیگ ن کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں میں بھی عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔

Facebook Comments HS