نوازشریف اور مریم نواز غم سے نڈھال: آنسو امڈ آئے
بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سننے کے بعد اڈیالہ جیل میں موجود نوازشریف اور مریم نواز غم سے نڈھال ہو گئے۔ آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ شہبازشریف کی نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات میں کلثوم نواز کے جنازے کے وقت اور جگہ سے متعلق مشاورت کی گئی ۔
اڈیالہ جیل میں شہبازشریف اور خاندان کے دیگرافراد نےنوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر سے ملاقات کی جن میں مریم نواز کی بیٹیاں اور داماد بھی شامل تھے ،اس موقع پر نوازشریف اور مریم کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کےد وران مریم نواز والدہ کی وفات کی خبر سننے کے بعد خود پر قابو نہیں رکھ پا رہیں۔ اہل خانہ انہیں سنبھالنے کی کوشش کرتے رہے۔
تین بار خاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف اور مریم نواز کو ملی تو نواز شریف اشکبار ہو گئے۔ مریم اپنی والدہ کو یاد کرکے روتی رہیں۔
مریم نواز نے اپنے بچوں کو بھی کافی دیر تک گلے لگائے رکھا، والدہ سے ملے دو ماہ ہو جانے اور بات نہ ہونے کا بار بار تذکرہ کیا اور والدہ کا چہرہ آخری کال پر ہی دکھا دینے کی بات کرتی رہیں۔ نواز شریف، شہباز شریف اور اہل خانہ مریم نواز کو دلاسہ دیتے رہے اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کلثوم نواز نے ماں، بہن، بیٹی اور اہلیہ کے طور پر مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں مصائب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔


