مرد سب سے زیادہ اپنی بیویوں سے کون سی بات چھپاتے ہیں؟


وہ ایک بات جو آدھے سے زیادہ شادی شدہ جوڑے اپنے ہمسفر سے چھپا کر رکھتے ہیں

 

میاں بیوی کا رشتہ یوں تو بے حد اعتماد اور بھروسے کا متقاضی ہوتا ہے، مگر ایسا بھی نہیں ہے کہ سب کچھ شریک حیات سے شئیر کر لیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں کی گئی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ مردوں کی حیران کن حد تک بڑی تعداد ایک خاص بات کو راز رکھتی ہے، جسے وہ شریک حیات کے سامنے لانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

ڈیلی سٹار کے مطابق کریڈٹ فکس نامی کمپنی نے ایک سروے کروایا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تقریباً 52 فیصد مردوں نے اپنے ذمے واجب الادا قرض کے بارے میں اپنی شریک حیات کو کبھی کچھ نہیں بتایا۔ اس سروے کے لئے برطانیہ میں 1003 افراد سے معلومات لی گئیں تو پتہ چلا کہ ان میں سے 45 فیصد نے کریڈٹ کارڈ کے قرض کو خفیہ رکھا ہوا تھا، 42 فیصد کے ذمہ واجب الادا دیگر قرضہ جات تھے جن کا انہوں نے کبھی گھر میں ذکر نہیں کیا تھا، جبکہ 38 فیصد بینکوں سے کریڈٹ کارڈ کے علاوہ لئے گئے قرض میں جکڑے تھے مگر شریک حیات سے یہ بات خفیہ رکھی ہوئی تھی۔

ماہرین سماجیات و نفسیات کا کہنا ہے کہ بھاری قرضہ صرف مالی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک شدید نوعیت کے ذہنی دباﺅ کا مسئلہ بھی ہے جس کے نتیجے میں نفسیاتی بیماریاں بھی پیدا ہوسکتی ہیں اور گھریلو زندگی میں شدید بگاڑ آسکتاہے۔ ماہرین کے مطابق قرض اور ذہنی صحت کا معاملہ آپس میں قریبی تعلق رکھتا ہے۔ جہاں ایک جانب یہ ممکن ہے کہ کمزور ذہنی صحت کی وجہ سے کچھ لوگ اپنے مالی معاملات کو صحیح طور پر نہیں چلا پاتے وہیں ایک بہت بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ مالی مسائل کی وجہ سے لوگوں کو شدید ذہنی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تحقیق کے شرکاءکی غالب اکثریت کا کہنا تھا کہ انہوں نے شریک حیات کو پریشانی سے بچانے اور گھر کا ماحول خوشگوار رکھنے کے لئے قرض کے معاملے کو صرف اپنے تک محدود کررکھا ہے، لیکن بہرحال اس کی وجہ سے انہیں خود ضرور سخت ذہنی اذیت کا سامنا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).