اڈیالہ رہائی تصویر: پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پنجاب حکومت سے ناراض


اڈیالہ جیل میں میاں نواز شریف کی رہائی کے موقع پر لی گئی تصویر لیک ہونے کے معاملے میں غفلت پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے پنجاب حکومت سے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے ناراضی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل تصاویر لیک ہونے کے معاملہ پر پنجاب حکومت نے خلاف قانون سرگرمیوں پر کارروائی میں تاخیر کی اور وفاق کے اظہار ناراضی کے بعد پنجاب حکومت حرکت میں آئی۔ قیادت کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ پنجاب حکومت کی خاموشی کے باعث پی ٹی آئی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ذرائع نے اس امر کی وضاحت کرنے سے گریز کیا کہ پی ٹی آئی کو کن حلقوں سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ جس روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف، مریم اور صفدر کی رہائی کا حکم آیا اس دن رہائی سے قبل نوازشریف کے ہمراہ حنیف عباسی بھی سپرٹینڈنٹ کے کمرے میں موجود تھے اور ان کی تصویر سوشل میڈیا پر آ گئی جس کے باعث ہنگامہ برپا ہو گیا۔ تاہم آج صبح خبر یہ آئی کہ حنیف عباسی کو بھی اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

Facebook Comments HS