عورت ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہے


#Sisterhood

دہلی کے نواح میں ایک کثیر منزلہ عمارت کی پانچویں منزل پر ریتوپرنا چٹرجی اپنے لیپ ٹاپ اور سمارٹ فون پر کچھ لڑکیوں سے چیٹ کر رہی ہیں۔ یہ لڑکیاں ان سے بہت سارے سوالات کرتی ہیں اور ریتو ان کے تمام سوالوں کا جواب دینے کی کوشش کرتی ہیں۔ وہ کچھ لوگوں کے موبائل نمبر بھی اپنے فون سے نکالتی ہیں اور کچھ لڑکیوں کو ان نمبروں پر بات کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ یہ سلسلہ دن میں کئی بار اسی طرح دہرایا جاتا ہے۔

ریتوپرنا انڈیا کی ایک سینیئر صحافی ہیں۔ انہوں نے صحافت اور میڈیا میں آنے والی لڑکیوں کی مدد کے لیے ٹوئٹر پر #Sisterhood تھریڈ چلا رکھا ہے۔ لڑکیاں ان سے ٹوئٹر پر صحافت کے پیشے سے متعلق بہت سے سوالات کرتی ہیں اور وہ ان سوالوں کا جواب دیتی ہیں۔ ریتو کہتی ہیں کہ میڈیا میں نوکری ملنا ایک ’ہش ہش افئیر‘ ہے جس کے لیے اچھی نیٹ ورکنگ ہونا ضروری ہے۔ ‘لڑکیاں گھر کی ذمے داریوں کے سبب، کبھی ماں ہونے کے سبب، کبھی سماجی وجوہات کی بنا پر نیٹ ورکنگ نہیں کر پاتیں۔ اس لیے نوکری کے معاملے میں انہیں ہر مرحلے پر مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔‘

#Sisterhood

ریتو پرنا نے جب سے #Sisterhood تھریڈ شروع کیا ہے، اس میں شرکت کرنے والی لڑکیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ’زیادہ تر لڑکیاں نوکری کے بارے میں نہیں پوچھتیں، انہیں بس رہنمائی چاہئیے ہوتی ہے۔ وہ اس بارے میں بات کرنا چاہتی ہیں کہ انھیں کیا کرنا چاہيئے۔ میں صرف انھیں متعلقہ لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد دیتی ہوں۔‘ دیپ شکھا میڈیا میں پانچ سال کام کر چکی ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ آگے بڑھنے کے لیے کیا کیا جائے۔

#Sisterhood

                                                        ‘بریک لوں، مزید پڑھائی کروں، نوکری بدل لوں یا پرنٹ میڈیا سے آن لائن منتقل ہو جاؤں؟‘ دیپ شکھا کو ان سوالات کے جواب تلاش کرنے میں رہنمائی درکار تھی

’بریک لوں، مزید پڑھائی کروں، نوکری بدل لوں یا پرنٹ میڈیا سے آن لائن منتقل ہو جاؤں؟ ایسے بہت سے سوالات ہوتے ہیں جہاں صحیح فیصلے کرنے کے لیے کسی اور کی رہنمائی درکار ہوتی ہے۔ #Sisterhood تھریڈ ایسے میں بہت مدد کر رہا ہے۔’  #Sisterhood تھریڈ صحافت میں آنے والی لڑکیوں کے لیے اب ایک وسیع پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ فری لانس صحافی راجیشوری کا کہنا ہے کہ ان جیسی نوجوان صحافیوں کے لیے یہ بہت مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ وہ کہتی ہیں ‘انڈسٹری میں نئے آنے والوں کے لیے آسامیاں تو ہیں لیکن معلوم نہیں ہوتا کہ کہاں سے شروع کریں۔ ایسے میں ریتو پرنا کے تھریڈ کو فالو کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو ایک ایسا پلیٹ فارم مل جاتا ہے جس کی مدد سے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔’

#Sisterhood

 
انڈسٹری میں نئے آنے والوں کو معلوم نہیں ہوتا کہاں سے شروع کریں۔ فری لانس صحافی راجیشوری کے مطابق #Sisterhood ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کی مدد سے نوجوان لڑکیاں نئے مواقع ڈھونڈ سکتی ہیں

ریتو ایک سرکردہ میڈیا گروپ میں کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتی ہیں اور وہ ایک بچے کی ماں بھی ہیں۔ ان ذمے داریوں کے ساتھ وہ #Sisterhood کا کام بھی دیکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ یہ کام خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت کرتی ہیں۔ ‘مجھے زندگی میں جب بھی مدد ، سہارے یا اخلاقی سہارے کی ضرورت پڑی ہے میں ہمیشہ لڑکیوں کے پاس گئی ہوں۔ دوست ہو، خاندان والی ہوں، ماں ہو، عورتیں ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہیں۔’ اتنی دیر میں ریتو کے پاس نئی لڑکیوں کے بہت سے سوالات جمع ہو چکے ہیں اور وہ ایک بار پھراپنے لیپ ٹاپ پران کے جواب دینے میں مصروف ہوگئی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp