وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات: دونوں ایک پیج پر نہیں ہیں


وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر قومی اسمبلی میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک سے زیادہ امور پر اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم ایک پیج پر نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی( پی اے سی ) کے بارے میں کوئی عملی اقدام کرنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اور اسد قیصر کی ملاقات میں چیئرمین پی اسے سی کے نام کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پی اے سی کے بارے میں حتمی فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی تک موخر کرنے پر بات ہوئی۔ شاہ محمودقریشی کی امریکا سے واپسی پرتحریک انصاف کی پی اے سی نامزدگی کمیٹی اپنی سفارشات وزیراعظم کو دے گی۔عمران خان کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں چیئرمین پی اے سی کے بارے حتمی فیصلہ کریں گے۔

وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات میں اسد قیصر نے عمران خان کو پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے اپوزیشن رہنمائوں کی آراء سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سیاسی و جمہوری روایت کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی بنایا جاتا ہے جس پر عمران خان نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے متعلق سینئر رہنماؤں کے تحفظات سے اسپیکر کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے جمہوری تسلسل اوراپوزیشن سے ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بعض وزراء کے ایوان میں رویے پر اپنے تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).