حکومت ملتے ہی پی ٹی آئی کی مقبولیت میں زبردست کمی: تازہ ترین سروے
تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حکمران جماعت بنتے ہی تیزی سے اپنی مقبولیت کھوتی جا رہی ہے۔
روشن پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے مطابق ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی محسوس ہورہی ہے اور یہ 33 فیصد پر آگئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کو 25 فیصد لوگوں کی پسندیدگی حاصل ہے۔ پاکستان میں پسندیدگی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر پیپلز پارٹی ہے جسے 15 فیصد لوگ اپنے لیے نجات دہندہ تصور کرتے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں بننے والا مذہبی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے 4 فیصد کے ساتھ چوتھے اور ایم کیو ایم پاکستان 2 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
روشن پاکستان کی جانب سے یہ سروے 21 سے 28 ستمبر کے دوران کیا گیا جس میں 3 ہزار 85 لوگوں نے شرکت کی۔ سروے میں حصہ لینے والے مردوں کی تعداد 59 جبکہ خواتین کی نمائندگی 41 فیصد تھی ۔ سروے میں شریک 33 فیصد لوگ 30 سال سے کم ، 47 فیصد ادھیڑ عمر (30 تا 50 سال) جبکہ 20 فیصد بڑی عمر (50 سال سے زائد)کے افراد تھے۔ سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے حوالے سے کیے جانے والے سروے میں 62 فیصد وہ لوگ تھے جو پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 19 فیصد سندھ، 14 فیصد خیبر پختونخوا، 4 فیصد بلوچستان اور ایک فیصد اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔



