وزیر جیل خانہ جات زوار وڑائچ بغیر اطلاع رات 3 بجے کوٹ لکھپت جیل میں گھس گئے: دہشت گردی کے ملزمان سے ملاقات کی


وزیر جیل خانہ جات زوار وڑائچ بغیر اطلاع کوٹ لکھپت جیل چلے گئے جہاں انہوں نے عملے کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے چھ گھنٹے تک جیل کے معاملات سنبھالے رکھے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات کے دورے کو زبردستی جیل میں گھسنا قرار دے کر تحریری شکایت بھیج دی ہے۔ سپرٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغرنے رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے بغیراطلاع کے رات 3 بج کر 15 منٹ پر جیل کا دورہ کیا اور قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جیل کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر جیل خانہ جات زوار وڑائچ نے کوٹ لکھپت جیل کا زبردستی دورہ کیا۔ اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر نے ہوم سیکرٹری کو خط لکھ کر شکایت کر ڈالی۔ خط کے متن کے مطابق وزیرجیل خانہ جات 6 افراد کے ہمراہ جیل میں داخل ہوئے۔ وزیر جیل اور ان کے اسٹاف نےعملے سے جیل کی چابی چھین لی۔ جس کے بعد وزیر جیل تلخ کلامی کرتے ہوئے موبائل فون لے کر جیل میں داخل ہو گئے۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ وزیر اور اسٹاف نےعملے کے واکی ٹاکی سیٹ بھی جمع کیےاور نامعلوم افراد کو جیل کی چابی دی۔ اس موقع پر وزیر جیل خانہ جات دہشت گردی کے الزام میں گرفتار خطرناک قیدیوں سے غیر قانونی طور پر بات چیت کرتے رہے۔

صوبائی وزیرجیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر کے درمیان تنازع کے بعد وزیر جیل خانہ جات نے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو معطل کرنے کے لیے وزیراعلی عثمان بزدار کو سفارش کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر زوار حسین وڑائچ نے کوٹ لکھپت جیل کے دورے کی رپورٹ ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات اور وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ جیل انتظامیہ کی جانب سے قانون شکنی کے سنگین انکشافات پر مبنی ہے۔ رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ظہیر ورک کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں جیل میں پیسے لے کر قیدیوں کو فریج کی سہولت فراہم کرنا، قیدیوں کو موبائل فون کی سہولت استعمال کرنے کے لیے جیمبرز کو بند کرنا شامل ہیں۔ ذرائع نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہائی سیکیورٹی جیل میں پروٹوکول دینے کے لیے عام قیدیوں کو الگ سے بند بھی کیا جاتا تھا۔