چوہوں کی وجہ سے ہونے والی ایک لاعلاج بیماری دریافت

ہانگ کانگ میں چوہے نے ایک 56سالہ آدمی کے کھانے میں اپنا فضلہ گرا دیا جسے کھا کر یہ شخص ایسی خوفناک بیماری میں مبتلا ہو گیا جو دنیا کی تاریخ میں اس سے پہلے کسی اور کو لاحق نہیں ہوئی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ بیماری ’ہیپاٹائٹس ای‘ ہے جو کہ ہیپاٹائٹس کی انتہائی جان لیوا قسم ہے اور یہ دنیا کا پہلا انسان ہے جو اس کا شکار ہوا ہے۔ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کیس کی میڈیکل سائنس میں بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ چوہے بھی انسانوں میں وائرس کے پھیلاﺅ کا سبب بن سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جب اس شخص کو ہسپتال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے دیکھا کہ اس کا جگر بہت زیادہ بگاڑ کا شکار ہو چکا تھا۔ جب اس کے ٹیسٹ کیے گئے تو پتا چلا کہ اسے ایچ ای وی وائرس لاحق ہو چکا ہے جو چوہے کے فضلے کے ذریعے اس کے جسم میں منتقل ہوا۔ یہ وائرس کچھ ہی عرصے میں جگر کو فیل کر سکتا ہے۔اس بیماری کا فی الحال کوئی علاج نہیں ہے اور جگر فیل ہونے کے صورت میں اس کی پیوندکاری کرنی پڑتی ہے۔ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”اس سے قبل دنیا میں چوہے کے ذریعے ہیپاٹائٹس لاحق ہونے کا کوئی واقعہ بھی رپورٹ نہیں ہوا۔ “

