رانا مشہود کو کیا پتہ کیا مذاکرات ہوئے، ان سے زمینوں پر قبضے کا پوچھیں، فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما رانا مشہود کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ ’انہیں کیا پتہ، کیا مذاکرات ہوئے، ان سے تو زمینوں پر قبضے سے متعلق پوچھا جائے، تھانیداروں اور پٹواریوں سے متعلق پوچھا جائے، رانا مشہود کے کچھ بھی کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا‘۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 2 ماہ بہت اہم ہیں اور پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ڈھائی ماہ بہت اہم ہیں اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں، عدالت یا عوام کے ذریعے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے پریس کانفرنس کی اور ن لیگی رہنما کے بیان پر ردعمل ظاہر کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رانا مشہود کو کیا پتہ کہ کیا مذاکرات ہوئے؟ رانا مشہود سے زمینوں پر قبضے سے متعلق پوچھا جائے یا تھانیداروں اور پٹواریوں سے متعلق پوچھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رانا مشہود کے کچھ بھی کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی اثاثوں کی نیلامی کا بڑا فیصلہ آیا ہے، حکومت وہی کرے گی جو چوروں کے ساتھ کیا جاتا ہے، یہ عوام کا پیسہ تھا انہیں کو واپس لوٹایا جائے گا۔
بشکریہ جیو نیوز۔

