انشورنس کے لیے شوہر نے موت کی جھوٹی اڑائی، سن کر بیوی نے بچوں سمیت خودکشی کرلی


چین میں انشورنس کمپنی سے پیسے ہڑپنے کےلیے شوہر نے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا جب کہ اس کی موت کی جھوٹی خبر سن کر بیوی نے دو بچو ں سمیت خود کشی کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق چینی صوبے ہنان میں ایک شخص نے انشورنس کمپنی سے رقم حاصل کرنے کے لیے اپنی موت کی جھوٹی خبر گھڑی لیکن اس کی بیوی یہ خبر سن کر دلبرداشتہ ہوگئی اور دو بچوں سمیت تالاب میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے بیوی اور بچوں کی خودکشی کے واقعے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ مذکورہ شخص نے اپنے منصوبے کا ذکر بیوی سے نہیں کیا تھا اس لیے خاتون نے خبر سنتے ہی اس پر یقین کر لیا اور گھر کے نزدیک تالاب میں چھلانگ لگائی جب کہ خاتون نے اس اقدام سے قبل آن لا ئن خود کشی کا نوٹ بھی چھوڑا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے رواں سال ستمبر کے شروع میں ایک ملین یوآن کی انشورنس لی تھی جس میں بیوی کو انشورنس کا پیسہ وصول کرنے کے لیے نامزد کیا گیا تھا جب کہ اس نے اپنی موت کا ڈرامہ رچانے کے لیے مانگی ہوئی گاڑی کا استعمال کیا، اس ڈرامے کے دو دن بعد اس کی 31 سالہ بیوی، 4 سالہ بیٹے اور 3 سالہ بیٹی کی لاشیں تالاب سے ملیں۔

سما جی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر جاری کیے گئے خودکشی کے پیغام میں خاتون نے لکھا کہ وہ اپنے شوہر کا ساتھ دینے جا رہی ہے کیونکہ اس نے ہمیشہ چاہا تھا کہ اس کا خاندان ہمیشہ ایک ساتھ رہے۔

جب کہ گرفتار شخص نے خود کو پولیس کو حوالے کرنے سے پہلے ہی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اس نے اشکبار روتے ہوئے بتایا کہ اس نے ایک لاکھ یوآن اپنی تین سالہ بیٹی کے مرگی کے مرض کے علاج کے لیے ادھار لیے تھے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).