وزیر اعظم کا فی البدیہہ گفتگو کا شوق
وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد ہم ان کی خداداد صلاحیتوں کے قائل ہو گئے ہیں،وزیر اعظم اور ان کے چاہنے والے لکھی ہوئی تقریر کو پڑھنے میں اپنی شان کے خلاف اور توہین سمجھتے ہیں ، انہوں نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد بھی فی البدیہہ تقریر کرکے مخالفین کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا تھا ۔جبکہ میاں نواز شریف کی طرف سے لکھی ہوئی تقریر پڑھنے کو پی ٹی آئی کے دوست کم علمی اور خوداعتمادی کے فقدان سے تعبیر کرتے رہے ہیں۔ سو اسی زعم میں وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورم میں بھی فی البدیہہ انٹرویو دے ڈالا ،یہ انٹرویو دینے سے قبل وزیر اعظم یہ تک بھول گئے کہ وہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اور دعوت دینے کے لیے ریاض گئے ہیں۔ وزیر اعظم جب دنیا کو خود بتائیں گے کہ ہم قرضوں پر امید لگا کر بیٹھے ہیں اور ملک کرپشن سے کھوکھلا ہو چکا ہے تو ایسے حالات میں کون بے وقوف ہو گا جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہوگا؟
وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں منعقدہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس کے 90ممالک کے تقریباً 40ہزار افراد کے سامنے جو کہا اس کا خلاصہ کچھ یوں ہے۔
٭ ہمیں دو خسارے ورثے میں ملے ہیں۔
٭ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارہ ۔
٭ آج ہم جو اصلاحات لائیں گے ‘ اس کے اثرات 3سے 6ماہ یا سال بعد دکھائی دیں گے ۔ فی الحال ہمیں اس مشکل وقت سے نکلنے کے لیے قرض کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اداروں کو طاقتور کیسے بنایا جائے۔ گزشتہ ادوار میں منظور نظرافراد کو بڑے عہدوں پر تعینات کرنے سے ادارے تباہ ہوئے’ میرٹ کے خاتمے اور لاقانونیت کے باعث ادارے ملکی دولت چوری کرنے والوں کو نہیں پکڑتے’ پاکستان میںکرپشن ہے’ پاکستان جیسے ملکوں میں وائٹ کالر کرائم پکڑنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے پاس ان جرائم کو سمجھنے اور پکڑنے والے لوگ نہیں ہیں۔
حالانکہ وزیر اعظم عمران خان جب پاکستان سے سعودی عرب کے دورہ کیلئے روانہ ہو رہے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ عالمی سرمایہ داروں کو پاکستان لانے کی بھر پور کوشش کریں گے لیکن انہوں نے انٹرویومیں ایسی دانشمندی دکھائی ہے جسے مولانا روم نے اپنی مثنوی میں ان الفاظ میں بیان کی ہے۔”کسی ملک کے بادشاہ نے ایک نہایت خوبصورت باز پال رکھا تھا جس سے وہ شکار کا کام لیتا تھا۔ باز اس کا وفادار اور اس کے اشاروں پر چلنے والا تھا۔ ایک دن وہ گم ہوگیا۔ تلاش کے باوجود بھی نہ ملا۔ بادشاہ نے ملک بھر میں ڈھنڈورا پٹوا دیا۔ باز کی تلاش شروع ہوگئی۔ ادھر باز ایک بڑھیا کی جھونپڑی میں چلا گیا۔ بڑھیا ناسمجھ اور جاہل تھی۔ اس نے باز کو دیکھا تو کہا، تو کِن ناسمجھ لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے؟ جنہوں نے تیرے پروں کی تراش خراش کی نہ تیرے ناخن کاٹے اور نہ تیری ٹیڑھی چونچ کو سیدھا کیا۔ سو اس نے باز کی چونچ، پروں اور ناخن کو کاٹ دیا اور اسے بالکل بے کار کردیا۔ بادشاہ کے کارندے باز کو ڈھونڈتے ہوئے بڑھیا کی جھونپڑی تک پہنچے اور باز کو لے کر بادشاہ کی خدمت میں پیش کرکے سارا ماجرا بیان کیا۔ بادشاہ بہت رویا اور باز سے کہنے لگا تیرا یہی علاج تھا جو بڑھیا نے کر دیا۔ تو نے اپنے مالک سے جو تیری ہر ضرورت کو بہتر سمجھتا اور تیرا خیال رکھتا تھا دغا دیا اور ایسی جگہ گیا جہاں نہ تو کوئی تیری ضرورت کو سمجھتا تھا اور نہ تیرا خیال رکھ سکتا تھا۔ پس ذلت تو تیرا مقدر ہونی ہی تھی سو وہ ہوئی، بادشاہ نے کہا کہ جو کسی جاہل کی صحبت میں رہے گا اس کا ویسا ہی حشر ہوگا جیسا تیرا ہوا ہے۔”
پی ٹی آئی کے دوست وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کو کامیاب دورہ قرار دے رہے ہیں ،میرا سوال مگر یہ ہے کہ عالمی فورم میں وزیر اعظم کے انٹرویو کے بعد بھی کوئی گنجائش رہ جاتی ہے کہ سرمایہ دار پاکستان کا رخ کریں ،کیا اتنا کہہ دینا کافی ہے کہ وزیر اعظم کے اخلاص پر شک نہ کیا جائے کیا قابلیت کی ضرورت نہیں ہوتی، معاملہ فہمی کیلئے ہم کس کی خدمات حاصل کریں گے،آج اگر حکومت میں پی ٹی آئی ہے تو حالات کی ذمہ دار بھی یہی پارٹی ہے،وزیراعظم اگرآج بھی سابقہ حکومتوں کی بات کریں گے تو بہر صورت ذمہ دار اور جوابدہ وہی ہوں گے کیونکہ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں، معاملات کو درست سمت دینا اورحالات کو ٹھیک کرنا انہی کی ذمہ داری ہے کب تک سابقہ حکومتوں کی ناقص کارکردگی کا رونا روتے رہیں گے؟


