اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست پر 8 سالہ بچہ، 2 خواتین گرفتار


آئی جی اسلام آباد جان محمد کی تبدیلی کے بعد وفاقی وزیر اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست پر اسلام آباد پولیس نے 8 سالہ بچے، 2 خواتین سمیت کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بیٹے کی درخواست پر تھانہ شہزاد ٹائون میں مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے کارروائی کی اور 2 خواتین، 8 سالہ بچے احسان اللہ سمیت کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد نے مبینہ طور پر اسی کیس میں کارروائی سے گریز کیا تھا جس پر ان کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔ اعظم سواتی کے بیٹے نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ ملزمان نے اپنے مویشی ہمارے باغات میں چھوڑ دیئے اور منع کرنے پر ملزمان نے ملازمین پر کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، ملزمان نے گن مین سے کلاشنکوف کے میگزین چھینے اور زدوکوب کیا۔

پولیس نے کارروائی کی اور 8 سالہ بچے اور 2 خواتین سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کی گئی 2 خواتین کو جیل بھیجوا دیا گیا جب کہ پولیس نے دو ملزمان احسان اور نیاز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست پر 8 سال کے بچے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور گرفتار ہونے والی خواتین میں 15 سالہ بچی اور عمر رسیدہ خاتون شامل ہیں۔

Facebook Comments HS