شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بننے دیں گے: عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو کسی بھی صورت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے نہیں دیا جائے گا۔ اس عہدے کے لیے مشاورت سے غیر جانبدار شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے زیرِ صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نہ بنانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حزب اختلاف سے شہباز شریف کی جگہ متبادل نام لیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو کسی صورت پی اے سی کا چیئرمین نہیں بنایا جائے گا، اس عہدے کے لیے مشاورت سے غیر جانبدار شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا۔ اراکین امورِ حکومت کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن نیا نام دے، غور کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران حلقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے پر حکومتی اراکین نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ پارٹی رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ بیوروکریسی ہمارے کام نہیں کرتی، لوگوں کو مطمئن کرنا مشکل ہو گیا۔

Facebook Comments HS