نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا بنیادی چالان خود خواجہ حارث نے تیار کیا تھا: اوریا مقبول جان


 

سابق بیوروکریٹ اور حالیہ تجزیہ کار اوریا مقبول جان کا کہنا ہے کہ نیب کے کیسز بہت بے دلی سے چل رہے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان نیب کیسز میں جس وقت چالان بنا اس وقت قمر زمان چیئر مین نیب ہوتے تھے۔ میرے پاس سو فیصد مصدقہ اطلاعات ہیں کہ نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا پہلا چالان خواجہ حارث نے خود تیار کیا تھا۔ اس چالان کو من و عن تسلیم کر لیا گیا تھا اور نیب میں تمام لوگوں کو بھی اس بات کا علم ہے کہ ایون فیلڈزریفرنس کا پہلا چالان خواجہ حارث نے تیار کیا تھا۔

نجی ٹیلی ویژن پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے اوریا مقبول جان نے مزید کہا کہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے خود چالان تیار کر کے دراصل اپنے موکل کو فائدہ پہنچایا۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے شریف فیملی کی درخواستوں پر ایون فیلڈ ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت عالیہ اسلام آباد کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے درخواست ضمانت پر دیا گیا فیصلہ سزا کے خلاف اپیلوں کا کیس متاثر نہیں کرے گا۔ قومی احتساب بیورو نے ضمانت کی درخواستوں پر بحث کے لئے زیادہ سہارا پانامہ فیصلے کا لیا، بادی النظر میں ملزمان کو دی گئی سزائیں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتیں۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے اپارٹمنٹس خریداری میں مریم نواز کی نواز شریف کو معاونت کا حوالہ نہیں دیا اور نہ ہی اس قسم کے کسی شواہد کا ذکر کیا گیا ہے۔ بادی النظر میں قانونی سقم اور غلطیوں کے باعث احتساب عدالت کا فیصلہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتا۔ دوسری جانب نیب نے بھی اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے جس پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ اوریا مقبول جان نے دراصل الزام عاید کیا ہے کہ خواجہ حارث نے چالان تیار کرتے وقت ایسے قانونی سقم چھوڑ دیے تھے جو اب نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے کام آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).