سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے، ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی: وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام خطاب میں کہا ہے کہ آسیہ بی بی کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے۔ اس پر ایک چھوٹے سے طبقے نے احتجاج کیا ہے۔ یہ عناصر اپنا ووٹ بینک بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان عناصر نے جو زبان استعمال کی ہے اس پر قوم سے براہ راست خطاب پر مجبور ہوا ہوں۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ سڑکیں روکنے اور توڑ پھوڑ سے گریز کریں ورنہ ریاست شہریوں کی ذمہ داری کا فرض ادا کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ ریاست سے نہ ٹکرائیں، ہم کواس طرف نہ لے جائیں کہ ریاست ایکشن لینے پر مجبور ہوجائے اور اگر ایسا کیا گیا تو پھر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دیں گے اور کوئی ٹریفک نہیں رکنے دیں گے، لوگوں کی املاک اور جان و مال کی حفاظت کی جائے گی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میں آج آپ کے سامنے صرف اس لئے آیا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک چھوٹے سے طبقے نے جس طر ح زبان استعمال کی اس پر میں آپ سے بات چیت کرنے کے لئے مجبور ہوں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، پاکستان میں کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد یہ کہنا کہ سپریم کورٹ کے ججز واجب القتل ہیں اور آرمی چیف غیر مسلم ہے، جنرلز اور فوج کو کہنا کہ وہ آرمی چیف کے خلاف بغاوت کریں۔  انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ انسان کا ایمان مکمل ہی نہیں جب تک وہ حضور نبی کریم ﷺ سے عشق نہ رکھے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہم نے ڈچ پارلیمنٹ سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ملتوی کروایا، ا س پر او آئی سی سے رابطہ کیا، یہ ہم نے عملی طور پر کرکے دکھایا ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی نہیں کرسکتے۔  انہوں نے کہا کہ اس طرح کونسا ملک چل سکتا ہے کہ جب کہا جائے کہ سپریم کورٹ کو قتل کر دو، آرمی چیف کو قتل کردو۔

 انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ پسند نہ آئے تو سڑکیں بند کردو تو ایسے کوئی ملک چل  سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان کے اکسانے میں نہ آئیں، یہ کوئی اسلام دوستی نہیں ہورہی بلکہ ملک دشمن ایسی باتیں کرتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ عوام ان کی باتوں میں نہ آئیں جواپنی سیاست چمکانے کے لئے اور ووٹ بینک بڑھانے کے لئے ایسے کررہے ہیں، سڑکیں بند کرنے سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ میں ایسا کرنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہم کو اس طرف نہ لے کرجائیں کہ ریاست ایکشن لینے پر مجبور ہوجائے۔  ہم ملک میں توڑ پھو ڑ نہیں ہونے دیں گے، احتجاج کرنے والے ریاست سے نہ ٹکرائیں بصورت دیگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے گی۔ ہم کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دیں گے اور ٹریفک نہیں رکنے دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).