ایران نے ہمارے ملک کی سرزمین پر قتل کرنے کی سازش کی: ڈنمارک انٹیلی جنس ایجنسی
ترکی میں واقع سعودی قونصل خانے مین جمال کشوگی کے قتل کی بازگشت ابھی تھمی نہیں کہ اس کشیدگی کی کیفیت میں ڈنمارک کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایران پر انتہائی سنگین الزام لگا کر صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔
نیوز ویب سائٹ thelocal۔ dk کے مطابق ڈنمارک کی سکیورٹی اینڈ انٹیلی جنس سروس ٹی ای پی نے گزشتہ روز دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی انٹیلی جنس ایجنسی نے ڈنمارک میں موجود ایک اہم شخصیت کو قتل کروانے کی منصوبہ بندی کی۔ ڈنمارک کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ فن بوش اینڈرسن نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز کے ذریعے بتایا کہ 28 ستمبر کے روز کچھ خطرناک مجرموں کو پکڑنے کے لئے بڑے پیمانے پر ایک آپریشن کیا گیا جس کے دوران متعدد بری اور بحری راستوں کوبھی بند کرنا پڑا۔
اس آپریشن کی وجہ یہ خفیہ اطلاعات تھیں کہ ایرانی خفیہ ایجنسی ڈنمارک میں موجود ایک اہم شخصیت کو قتل کروانے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔ ڈینیش خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ناروے اور سویڈن کی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس معاملے کی تحقیق کی گئی اور ناروے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو اس منصوبے میں ملوث ہے۔ یہ شخص ایرانی نژاد ہے، جسے 21 اکتوبر کے روز گرفتار کیا گیا۔ ملزم کا تعلق ابتدائی طور پر ایران سے ضرور ہے مگر وہ ناروے کا شہری ہے اور اس کی گرفتاری سویڈن سے ہوئی ہے۔
ڈنمارک کی حکومت نے اس صورتحال پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں کہ ایرانی یا کوئی اور خفیہ ایجنسی اس کی سرزمین پر کسی کو قتل کروانے کی کوشش کرے۔ یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ اس معاملے کو یورپی یونین میں لے جایا جائے گا تا کہ ایران کے خلاف ایکشن لینے پر غور وخوض کیا جا سکے۔

