”کوئی دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، مظاہرین کو ایک راستہ دینا چاہتے ہیں“ فواد چودھری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نقصان نہیں چاہتے لیکن کوئی اس دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، چاہتے ہیں تشدد کی ضرورت نہ پڑے، مظاہرین کو ایک راستہ دینا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام صورتحال کو سامنے رکھ کر گزشتہ روز تقریر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور جو بھی اسٹریٹجی بنے گی اس پر اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی، اپوزیشن نے بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ان معاملات پر دو فوکل پرسن تعینات کیے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ پورے پاکستان کی سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ایک ریاست ہیں، کیسے ہو سکتا ہے کہ کچھ لوگ اٹھ کر فیصلہ دیں کہ یہ بات مانیں گے، یہ بات نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرا‏عظم نے رات کی تقریر میں حکومت کا نہیں، ریاست کا مؤقف سامنے رکھا ہے، اپوزیشن اور ریاستی ادارے حکومتی مؤقف کے پیچھے کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نقصان نہیں چاہتے لیکن کوئی اس دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، آپ کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ کے ساتھ کیا ہورہا ہے لیکن ہم ایک راستہ دینا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جو لوگ ریاست کی رٹ کو اس طرح چیلنج کریں گے جو بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، انہیں اس کا حساب دینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی راستے سب کے لیے کھلے ہیں لیکن ہم پاکستان کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے، اگر وہ تھوڑے سے بھی غقلمند ہیں تو اشارہ سمجھ جائیں۔

دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، فورس استعمال نہیں کر رہے۔
بشکریہ جیو۔

Facebook Comments HS