ہنگامہ آرائی پر افضل قادری اور خادم رضوی کے خلاف مقدمے


وفاقی حکومت نے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے بعد دھرنوں میں املاک کو نقصان پہنچانے پر افضل قادری، خادم حسین رضوی سمیت ہزاروں افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لاہور پولیس نے تحریک لبیک کے رہنما افضل قادری اور خادم رضوی سمیت 500 افراد پر مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ افضل قادری اور خادم رضوی کی ایف آئی آر سیل کردی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ تحریک لبیک کے دونوں رہنمائوں کیخلاف نقص امن اور سڑک بلاک کرنے کا الزام ہے۔ فیصل آباد میں پولیس نے احتجاج کرنے والے 3000 افراد کے خلاف 29 مقدمات درج کرکے ضلع بھر میں 218 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ چنیوٹ میں احتجاجی مظاہرین کے خلاف 3 مقدمات درج کرکے 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سرگودھا میں 300 افراد کے خلاف 2 مقدمات درج کرلئے گئے۔ جھنگ میں 150 افراد کے خلاف 2 مقدمات درج کرکے 12 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور پہلوان گوٹھ میں فائرنگ کرنے اور زبردستی دکانیں بند کرانے پر تین ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمے میں جان سے مارنے کی کوشش اور نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).