توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کی شناخت و گرفتاری کیلئے وزارت دفاع سے مدد لینے کا فیصلہ


احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنےوالوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شرپسندوں کی شناخت و گرفتاری میں وزارت دفاع سے بھی مدد حاصل کی جائے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزارت داخلہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر مملکت برائےمواصلات مراد سعید، وزیراعظم کےمعاون خصوصی افتخار درانی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پی ٹی اے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے سینئر حکام بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ملک بھر سے جمع ہونے والے توڑ پھوڑ کے تصاویری اور ویڈیو شواہد کی روشنی میں کارروائی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے عوامی املاک کو نہایت بےدردی سے تباہ کیا ۔ سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ریاست قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انہیں عبرت کا نشان بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری، انصاف اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں سر فہرست ہے ،اس پر کسی قسم کا کوئی کمپرو مائز نہیں ہو گا۔ اجلاس میں مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق شکایت سیل قائم کرتے ہوئے وٹس ایپ نمبر ’’ 03315480011 ‘‘جاری کیا گیا جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شرپسندوں کی گرفتاری اور ان کی شناخت کے لئے اس وٹس ایپ نمبر پر ویڈیوز اور تصاویر کے ساتھ ساتھ اپنی تجاویز بھی بھیجیں۔ ویڈیوز اور تصاویر فراہم کرنے والے شہریوں کا نام اور نمبر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).