“سب اوکے کی رپورٹ ہے”


سنا ہے ایک ملک ہے جہاں “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
جی سر جی آپ نے بلکل صحیح سنا ہے ایسا ہی ہے ” وہاں سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے “۔
لیکن ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپوٹ ہے”؟
سر جی ہوسکتا ہے کیوں نہیں ہوسکتا؟
سر جی وہاں الیکشن میں ایک نئی پارٹی جیتی ہے اس نے ملک کو نیا بنا دیا ہے۔
لیکن ان الیکشن پر تو دھاندلی کے اور کسی خلائی مخلوق کی مدد کے الزامات ہیں۔
سنا ہے الیکشن رزلٹ بڑی دیر دیر سے آرہے تھے کوئی آر ٹی ایس بھی بیٹھ گیا تھا؟
ارے نہیں سر جی اب ٹیکنکل ایشوز تو آجاتے ہیں پھر ٹھیک ہوگیا تھا سسٹم ۔
بڑے آرام سے جی جیتی نئی والی پارٹی اس کے بعد تو “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”
اچھا سنا ہے جو وزیر اعظم ہیں ملک میں خوشحالی اور انصاف لے کر آگیا ہے؟
جی سر جی وزیر اعظم نے تو نئے ملک کی بنیا د رکھی ہے
بس ایک ڈی پی او اور ایک ایس پی کو ہٹا دیا، بس ادھر والوں کو جیلوں میں ڈالنے کی دھمکیاں لگا دیں ہیں۔

ہاں لیکن ادھر سے جو ادھر آگئے ان کو کچھ رعایت دے دی ہے اب اتنا تو بنتا ہے جی
ویسے تو خیر “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
سنا ہے ان کے وزیر خارجہ ،وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات بہت بولتے ہیں؟
نہیں سر جی ، ایسا کچھ نہیں ہے اپنے سے بڑے ملک سے دوٹوک کہنا جاؤ ہم نہیں مانتے۔
اب یہ الگ بات ہے ایسا چپکے سے بولا ہو، وزیر خارجہ نے ویسے تو سر جی سارا وقت سب اچھا ہے ہی بتاتے ہیں وہ ۔
ان کی وجہ سے تو سر جی لگتا ہے کہ سب دنیا سے اس ملک کے تعلقات اب اچھے ہونگے اور
ہاں ان کے دو پڑوسی ہیں نہ جن سے کچھ ان بن رہتی ہے اب ٹھیک ہوجائینگے سب تعلقات ۔
کیونکہ اگر وہ وزیر خارجہ ہیں تو ” سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
ویسے سر جی ایکٹو بہت ہیں دل کو سکون پڑتا ہے ٹی وی پر صبح شام ان کے قصیدے سن کے۔
سر جی رہ گئے ان کے وزیر خزانہ وہ تو اللہ لوک بندہ ہے بس اس کو تو سب قرضے شرضے دینے کو تیا ر ہیں۔
اس نے تو جی وعدہ کیا ہے بس یہ چھوٹے موٹے قرضے لیکر اور بس پٹرول کی قیمتیں اور گیس بجلی کی قیمتیں بڑھاکر
کام چلائے گا مگر ایک دن سب ٹھیک ہوگا سب کیونکہ ابھی تک تو “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
بس جی اس کو تھوڑا ڈالر والوں نے تنگ کیا ہے ورنہ اس نے تو آئی ایم ایف تک کو تڑی دے دی ہے۔
اور سر جی ان کے وزیر اطلاعات بندہ بہت سوہنا ہے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا ہے اس نے
وہ سر جی بس زیادہ کچھ نہیں ادھر والوں کو چور ڈاکو کہتا ہے، سارے ملک کے باہر کے پیسے لیکر آجائے گا
اور ہاں سر جی کچھ فسادیوں کو خلا میں بھیجنے والا ہے۔
لیکن بس کچھ دھرنا شرنا والوں سے ذرا پیار محبت سے بات کرلی ، کیونکہ دھرنے کا اس کو بڑا تجربہ ہے !
اس لیے ویسے تو سب “اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
اس کی وجہ سے بڑی رونق لگی رہتی ہے بس ذرا ڈرا تا رہتا ہے ادھر والوں کو دوستیاں یاریاں بہت ہے بندے کی۔
اچھا اچھا سنا ہے وہاں کی فوج ،عدلیہ اور میڈیا بہت آزاد اور غیر جانب دار ہیں؟
سر جی اس پر تو میں یہی کہ سکتا ہوں کہ ” سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
اچھا چلو جانے دو یہ بتاؤ کہ سنا ہے وہاں کچھ پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں ملنے والی ہیں؟
جی ہاں سر جی بالکل پر سر جی اب دیکھیں ان کی پچھلی حکومتوں نے بہت ظلم کیے ہیں پیسہ کھایا کرپشن کی۔
لیکن ان حکومتوں میں فوجی حکومتیں شامل نہیں ہیں یہ تو سب کیا دھرا تھا ہی سول حکومتوں کا۔
پہلے وہ ٹھیک کرنا ہوگا اب وزیر اعظم سب جو اس کے خلاف والے ہیں ان کو جیل بھیج دے گا پھر یہ بڑا خواب پورا ہوگا۔
نیب سے بھی بات چیت کرتا رہتا ہے اس سلسلے میں اس کے بندے بڑے کھرے ہیں جی ایک دو نااہل ہوئے ہیں،پر بندے اس نے سب جگہ سے اچھے اٹھالیے ہیں ، اپنے بھی خوش غیر بھی خوش ہیں جی۔
ویسے سر جی عوام بہت خوش ہے تھوڑا مشکل وقت ہے مہنگائی ہے بجلی نہیں ہے پانی نہیں ہے مگر “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔
اچھا اب ذرا یہ بتاؤ کہ سنا ہے اس ملک میں اقلیتوں کو جینے کا حق نہیں ہے کبھی کسی کو کافر کہہ دیتے ہیں تو کبھی کسی کو گستاخ کہہ دیتے ہیں، کبھی کسی کو جیل میں سزائے موت دے دیتے ہیں، تو کبھی کسی کی املاک پر قبضہ کرلیتے ہیں تو کبھی کسی کی بیٹی سے زبردستی شادی کے لیے اس کا مذہب بدلواتے ہیں، تو کبھی مذہب کے نام پر دھرنے دیتے ہیں ملک بند کردیتے ہیں ۔ کیوں کیا یہ سب انسان نہیں ہیں کیا؟ ان کو جینے کا حق نہیں ہے؟ کیا یہ سب سچ ہے؟

سر جی سر جی ایسا ویسا کچھ نہیں ہے آپ میری بات کا اعتبار کریں “سب اچھا ہے سب اوکے کی رپورٹ ہے”۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).