فواد چودھری اپنے رویے پر معافی مانگیں ورنہ سینٹ میں داخلے پر پابندی لگا دوں گا: چیئرمین صادق سنجرانی


 

سینیٹ میں گزشتہ روز کی بدمزگی پر ایوان میں آج پھر گرما گرمی ہوئی، مسلم لیگ نون کے سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی بات بھی نہ مانی جائے تو واک آؤٹ کرنا پڑے گا۔ نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ جب تک وفاقی وزیر ایوان سے معافی نہیں مانگیں گے اپوزیشن ایوان میں نہیں بیٹھے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون ایوان نہیں چلنے دے رہا، مشاہد اللہ خان کی تقریر اور وفاقی وزیر کی تقریر کا متن منگا لیں، دیکھیں اجلاس میں کس نے غیر پارلیمانی بات کی۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پارلیمانی زبان کے دائرے سے نکل کر بات کی جاتی ہے، وزیر اطلاعات کو معافی مانگنی پڑے گی، پھر دیکھیں گے کہ ایوان کو کہاں چلائیں، باہرچلائیں یا کہیں اور۔ اپوزیشن ارکان نے وفاقی وزیر اطلاعات کے معافی مانگنے تک ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر نے سینیٹ میں کورم کی نشاندہی کر دی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائد ایوان کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کو منا کر لے آئیں، انہوں نے اعظم سواتی اور علی محمد خان کو بھی ساتھ جانے کی ہدایت کی۔ سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ گزشتہ روز پیدا کئے گئے ماحول پر وزیر اطلاعات کو معافی مانگنی چاہئے، معافی نہ مانگنے پر فواد چودھری کے سینٹ میں داخلے پر پابندی لگا دوں گا۔ اپوزیشن ارکان نے فواد چودھری کے گزشتہ روز پیدا کئے گئے ماحول پر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جس پر حکومتی ارکان منانے کیلئے سینٹ لابی میں پہنچ گئے ،شبلی فراز،وزیرمملکت علی محمد خان اور دیگراپوزیشن ارکان کومنانے کی کوشش کرتے رہے، تاہم اپوزیشن وزیراطلاعات سے معافی مانگنے کے مطالبے پر قائم ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).