قائدانہ صلاحیتیں


کل میرے دیرینہ پڑوسی خورشید صاحب غریب خانے پر تشریف لائے توخلاف توقع کافی پریشان تھے۔ چہرے اترا ہوا، رنگ متغیر، باتوں میں اداسی، لہجہ پرُ ملال اور آوازگھمبیر تھی۔ ہم نے اس ہیئت کذائی اورکایا کلپ کی شانِ نزول دریافت کی تو تاسف سے گویا ہوئے کہ کیا بتاؤں آج کل سب سے چھوٹے اور لاڈلے لختِ جگر اور نورِ نظر نے بہت ہی پریشان کررکھا ہے۔ اگلے دن دروازے کی گھنٹی بجی۔ میں نے کہا دیکھو کون آیا ہے؟ تھوڑی دیر بعد آکر بتایا کہ کوئی حمید صاحب پوچھ رہے تھے کہ پاپا گھر پر ہیں؟

میں نے کہہ دیا کہ وہ تو گھر نہیں ہیں۔ وہ چہرے پر حیرت اور غیر یقینی کے ملے جلے تاثرات لے کر واپس چلے گئے۔ میں نے بیٹے سے اتنا بڑا جھوٹ بولنے کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ میں سمجھا آپ تھکے ہوئے ہوں گے، آرام کرنا چاہتے ہوں گے، اس لیے چھوٹا سا جھوٹ بول لیا۔ میں نے نصیحت بھرے انداز میں کہا کہ بیٹا جھوٹ جھوٹ ہوتا ہے، چھوٹا بڑا نہیں ہوتا۔

ایک دن ہانتا کانپتا گھر آیا اور کہنے لگا کہ پاپا گلی کے نکڑ پر خاور انکل آپ کو بلا رہے ہیں۔ شاید کسی مشکل میں ہیں۔ میں پھولے ہوئے سانس کے ساتھ وہاں پہنچا توخاور کے فرشتوں کو بھی وہاں نہ پایا۔ واپس آکر غلط بیانی کرنے پر سرزنش کی تو کہنے لگا کہ میں نے تو مذاق کیا تھا۔ میں نے ہدایت کی کہ بیٹا! اول تو تمہارا میرا مذاق ہے ہی نہیں اور دوسرا یہ تو سراسر جھوٹ اور افترا ہے۔ اس پر شرمندہ ہو کرمعصوم صورت بنا کر مستقبل میں ایسا نہ کرنے کا وعدہ کیا۔

مگر وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو گیا کی مصداق ایک دن پھر وہی حرکت کی اور اپنی ماں سے میری شکایت لگا دی کہ پاپا نے آج پھر اس کلموہی پڑوسن آنٹی سے ہنس ہنس کر خوب باتیں کیں، جو آپ کو زہر لگتی ہے۔ آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس پر میری کیسی درگت بنی ہو گی۔ اپنی بھابھی کو تو آپ اچھی طرح جانتے ہیں۔ میں نے خورشید صاحب کی ڈھارس بندھائی کہ ابھی بچہ ہے عمر کے ساتھ ساتھ ٹھیک ہو جائے گا۔ اس پر وہ غصے سے بولے کہ خاک ٹھیک ہوگا۔

آج صبح ماں سکول کے لیے جگانے لگی تویہ کہہ کر سکول جانے سے صاف انکار کر دیا کہ میں نے خوب سوچ سمجھ کر یہ یوٹرن لیا ہے کہ سکول کے بجائے مدرسے میں پڑھوں گا۔ اب آپ ہی بتائیں میں اس ناہنجار کے ساتھ کیا کروں؟ ہم نے خوشی سے تقریباً اچھلتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو! آپ کا بیٹا تو نیپولین اور ہٹلر سے بھی بڑا لیڈر بننے والا ہے۔ آپ کے بیٹے میں اگر جھوٹ، مکاری، فریب کاری، دغابازی، منافقت، ہیرا پھیری، ٹال مٹول، عہد شکنی، کج بحثی، بے حیائی اور بددیانتی جیسی خصوصیات پیدا ہو رہی ہیں تو گھبرانے اور پریشان ہونے کے بجائے خوشی کے شادیانے بجائیں کہ وہ بہت جلد اس قوم کا بہت بڑا اور کامیاب لیڈر بننے والا ہے۔ وہ دن گئے جب یہ چیزیں باعثِ رسوائی و بے عزتی سمجھی جاتی تھیں۔ فی زمانہ انہیں یوٹرن سے تعبیر کرتے ہیں اور یہ کامیاب اور بڑے لیڈر کا سب سے بڑا ٹریڈ مارک ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).