‘زندگی کے 32 سال جیل میں ایسے گزرے جیسے اپنے گھر میں ہوں’


جیل ایک ایسا لفظ جسے سنتے ہی ذہن میں پہلی بات یہ آتی ہے کہ، اللہ نا کرے کوئی بھی کبھی جیل جائے کیونکہ جیل بھی کوئی جانے کی جگہ ہے۔

ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کے لیے صرف دو شعبے ہی زیادہ تر قابل عزت سمجھے جاتے ہیں ایک ڈاکڑی اور دوسرا ٹیچنگ۔ جیل کی نوکری اگر آج بھی کسی لڑکی کو مل جاتی ہے تو خاندان، رشتہ داروں کو سو طرح کے تحفظات ہوتے ہیں۔ اسی لیے جیل خانہ جات کی نوکریوں کے لیے اکثر مرد ہی موضوع سمجھے جاتے ہیں۔

لیکن ایک ایسی خاتون بھی جو گذشتہ 32 سال سے جیل میں نوکری کر رہی ہے اور اسے اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتی ہے۔ ان سے ملنے کے لیے مجھے صوبہ خیبر پختونخوا کی قیدیوں کی گنجائش کے لحاظ سے سب سے بڑی جیل ‘سنٹرل جیل مردان’ جانا پڑا۔

مردان جیل میں اس وقت تقریباً 1720 کے قریب مرد، خواتین اور نابالغ موجود ہیں اور ان میں خواتین کی تعداد 80 کے قریب ہے اور بیشتر کے ساتھ ان کے چھوٹے بچے بھی رہتے ہیں۔

توحید خان جن کا تعلق چارسدہ سے ہے، انھوں نے اپنی زندگی کے 32 سال صوبے کی 18 جیلوں میں مختلف عہدوں پر کام کرتے ہوئے گزارے۔ آج کل وہ سنٹرل جیل مردان میں ‘ہیڈ کانسٹیبل’ کے عہدے پر کام کر رہی ہیں اورعنقریب وہ جیل کی اس نوکری سے ریٹائر ہونے والی ہیں۔

توحید نے بی بی سی کو بتایا کہ ‘جیل کی نوکری میں عورتوں کی حفاظت اور عزت زیادہ ہے کیونکہ یہاں زنان خانے میں کوئی مرد نہیں آتا، یہاں صرف ان کے ساتھ لیڈی اسسٹنٹ سپرنٹینڈنٹ ہوتی ہیں۔

توحید نے بتایا کہ ‘میں نے سنہ 1977 میں میڑک کی تعلیم حاصل کی اور جیل خانہ جات کی نوکری 1986 میں شروع کی اور اپنی مرضی سے اپنے لیے اس نوکری کا انتخاب کیا۔ اس زمانے میں چونکہ تعلیم اتنی عام نہیں تھی تو میرے رشتہ داروں اور محلے کے لوگوں نے میری جیل کی نوکری پر بہت اعتراض کیا اور میرے بارے میں اکثر کہتے تھے کہ ‘وہ دیکھو جیلر جا رہی ہے اور مردوں کہ ساتھ کام کرتی ہے’ لیکن میں نے لوگوں کی باتوں پہ کبھی دھیان نہیں دیا کیونکہ اگرآپ خود ٹھیک ہیں تو کوئی آپ کو کچھ نہیں کہہ سکتا۔’

مردان جیل میں اس وقت موجود لیڈی اسسٹنٹ سپرنٹینڈنٹ رابعہ امین نے بتایا کہ ‘توحید جیسی بہادر خواتین ہی ہیں جن کو دیکھ کر آج کل نوجوان لڑکیاں بھی جیل خانہ جات کی نوکری کی طرف آرہی ہیں، میں نے ان کو بہت پروفیشنل پایا، یہ قیدیوں کے ساتھ بہت تحمل سے بات کرتی ہیں۔’

توحید نے بی بی سی کو بتایا: ‘خواب میں بھی میں اچانک اٹھ بیھٹتی ہوں اور لگتا ہے کہ فلاں بیرک میں خواتین آپس میں تیز تیز بات کر رہی ہیں اور مجھے ان کو جا کر منع کرنا ہے۔ کیونکہ ساری عمر ہی یہیں گزر گئی اور یہ لوگ ہی اب اپنے لگتے ہیں۔’

توحید کے دن کا آغاز صبح چھ بجے جیل سے ہوتا ہے انکے پاس قیدیوں کے تمام کاموں کی نگرانی کرنا ہے جن میں انکے سامان کی باقاعدہ تلاشی لینا بھی شامل ہے جب بھی وہ تاریخ سے واپس آتی ہیں یا انکے گھر والے قیدی خواتین کے لیے سامان لاتے ہیں۔

دوپہر میں وہ قیدی خواتین کو روٹیاں تقسیم کرتی ہیں۔ مردان جیل میں سزائے موت کی تین خواتین بھی ہیں جن کے پاس جانے کی اجازت صرف توحید کو ہے وہ انکے پاس جاکر انکے مسائل سنتی ہیں اور پھر انھیں اپنے افسران تک پہنچاتی ہیں۔

توحید نے مزید بتایا: ‘خواتیں کے ہر بیرک میں میری ایک نمبردار ہوتی ہے، وہ نمبردار قیدی خواتین پر رات کو بھی نظر رکھتی ہیں اور ان کے بارے میں مجھے بتاتی ہیں، میں انکے ساتھ ہر روز ملاقات کرتی ہوں اور ان سے روزمرہ کے حالات پر بات کرتی ہوں۔’

توحید کہتی ہیں کہ زندگی کے جیل میں گزارے 32 سال ایسے لگتے ہیں جیسے کل کی بات ہو، ’جب میں آئی تھی تو میں ایک کمزور لڑکی تھی اور آج میں ایک خود مختار اور بہادر عورت ہوں جسے معاشرے میں رہنے کے آداب آ گئے ہیں۔‘

۔۔۔ فوٹو فیچر صبا رحمان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp