’جسمانی طور پر جوان ہوں تو قانونی طور پر بھی جوان سمجھا جائے‘


ایملی ریٹل بینڈ

ہالینڈ میں ایک عدالت نے ایک 69 سالہ شخص کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے کہ چونکہ وہ خود بہت جوان محسوس کرتے ہیں لہذا ان کی عمر سے بیس سال منہا کر کے انھیں 49 برس کا قرار دیا جائے۔

ایملی ریٹل بینڈ نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ جسمانی طور پر انتہائی توانا ہیں، اچھی جسمانی ساخت میں ہیں لیکن انھیں اس وقت تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب وہ اپنی عمر 69 برس بتاتے ہیں۔

انھوں نے کہا ’میں جوان دیوتا ہوں، میں ان تمام لڑکیوں کو حاصل کر سکتا ہوں جنہیں میں چاہتا ہوں، لیکن اصل عمر (69) بتا کر نہیں۔‘

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار ایملی ریٹل بینڈ کو مکمل آزادی ہے کہ وہ اپنے آپ کو جتنی عمر کا تصور کرنا چاہتے ہیں کریں لیکن عدالت ان کے زندگی کے بیس برس کے ریکارڈ کو غائب کر کے ان کی نئی تاریخ پیدائش مقرر نہیں کر سکتی کیونکہ اس سے قانونی اور معاشرتی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

ایملی ریٹل بینڈ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ گیارہ مارچ 1969 کو ان کا یوم پیدائش مقرر کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ڈیٹنگ ایپس پر عمر بتانے کی شرط سے وہ ایسے افراد کی توجہ حاصل نہیں کر سکتے جن کی توجہ حاصل کرنے کی وہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا :میں خود کو جوان محسوس کرتا ہوں، اچھی جسمانی ساخت میں ہوں، میں چاہتا ہوں کہ میری موجوہ حالت کو قانونی طور پر تسلیم کیا جائے کیونکہ میں عمر کی وجہ سے تفریق محسوس کرتا ہوں۔‘

ہالینڈ کی ارنہم عدالت نےایملی ریٹل بینڈ کی امیدوں پر یہ کہہ کر پانی پھیر دیا کہ عدالت معاشرے میں جسمانی تندرستی کے رجحان کو تو محسوس کرتی ہے لیکن اس دلیل کو یوم پیدائش میں تبدیلی کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp