کیا ترکی ایک ملحد ریاست ہے؟
زوال کے اِن سالوں میں عثمانی خطوں میں ”ترک“ کا مطلب ہوتا تھا، جاہل، اجڈ، دیہاتی۔ تقریباً ڈیڑھ سو سال ترک دانشوروں نے فارس وعرب کے تہذیب وتمدن کے خلاف جو جدوجہد کی، اس کے بطن سے ترک نیشنل ازم نے جنم لیا اور بعد میں ترک زبان کی اصلاحات کی گئیں اور یوں ترک زبان کو عربی وفارسی کے غلبے سے آزاد کیا گیا۔ جسے ہمارے رجعتی، اسے اتاترک کی اسلام کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔
آج کا کامیاب ترکی ایک تعلیم یافتہ، سائنس وٹیکنالوجی حتیٰ کہ مذہبی (اسلامی) علوم کے حوالے سے اسی لیے عرب وفارس سے آگے ہے کہ انہوں نے عربی وفارسی کے غلبے سے نجات حاصل کی اور زیادہ سے زیادہ ترک زبان کو فروغ دیا۔ ایک دلچسپ معلومات، ہمارے ہاں مولانا روم کو ترکی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ترکی میں صرف میولانا (مولانا) کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ عام ترکوں میں اُن کی مقبولیت اسی دور کے عظیم ترک شاعر یونس ایمرے ( 1238۔ 1320 ) سے کہیں کم ہے۔ ذرا غور کریں لاہور میں ترکی نے اپنا پہلا کلچرل سینٹر دوسال قبل کھولا، اس کا نام رومی کلچرل سینٹر نہیں بلکہ یونس ایمرے کلچرل سینٹر ہے۔ مولانا رومی کو افغان مولانا بلخی کہتے ہیں کہ وہ بلخ کی سرزمین سے تھے اور وہ ترک زبان نہیں بلکہ فارسی کے شاعر تھے۔
ترک قوم پرستی موجودہ ترکی اور ترکوں کے ماتھے کا جھومر ہے۔ یہ ترک نیشنل ازم ہی تھا جس نے مغرب کی استعماری طاقتوں کو 1915 ءسے 1923 ءمختلف جنگوں کے میدانوں میں شکست دی۔
۔ 6 Statism ترک زبان میں اسے ”دولت چلک“ کہتے ہیں یعنی ترک ریاست کا معیشت میں کردار۔ یہ دنیا کا واحد سرمایہ داری نظام تھا جس میں ترک ریاست نے اپنی مداخلت کا حق قائم رکھا۔ اتاترک نے واضح الفاظ میں ”دولت چلک“ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم جدیدیت کے اس سفر میں سرمایہ داری کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔ Statism نے ہی ترک معیشت کی طاقتور بنیادیں قائم کیں، جس نے ترکی کو ایک طاقتور معیشت میں بدل دیا۔ ترکی نے ریاستی سطح پر کارسازی سے لے کر روٹی کی صنعت کو اپنے ہاتھوں میں لے لیا۔
جدید ترکی کے اسی کردار نے ترکی کو جلد ہی سیاسی جدیدیت کے ساتھ ساتھ صنعتی جدیدیت یا ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔ آج کا صنعتی ترکی، کمال ازم کے اس معاشی ستون کے سبب آگے بڑھنے میں کامیاب ہوا۔ اتاترک نے 1923 ءمیں جدید ترکیہ جمہوریہ کی بنیاد رکھتے ہوئے باربار واضح کیا کہ ”ترکی کسانوں کا ہے۔ “ اسی لیے جاگیردارانہ نظام لپیٹا گیا۔ اتاترک نے ترکی کو جمہوریہ (Republic) قرار دیتے ہوئے سیکولرازم اور جمہوریت کی بنیاد رکھی جس نے ترکی کو ایک کامیاب قوم میں بدل دیا۔
ترکی تیسری دنیا کی واحد جمہوریت ہے جہاں جمہوریت کسی کلونیل طاقت کی Legacy نہیں۔ جیسے بھارت، پاکستان یا کسی افریقی ملک میں موجود جمہوریت برطانیہ یا فرانس کی Legacy ہو۔ اس حوالے سے ترکی وہ واحد ملک ہے جس نے ابھرتی استعماری طاقتوں برطانیہ اور فرانس کو شکست دے کر جمہوریت قائم کی اور جس کے اپنے ہاں عثمانی Legacyتھی جو جاگیردارانہ وقبائلی اداروں پر کھڑا تھا۔ اتاترک کے حوالے سے ترکی کے عظیم رہبر بلند ایجوت مرحوم نے ایک دلچسپ نکتہ بیان کیا کہ ہٹلر ایک سویلین تھا لیکن عوامی اجتماعات میں فوجی یونیفارم پہن کر جاتا تھا، مسولینی بھی سویلین تھا اور وہ بھی عوامی اجتماعات میں فوجی یونیفارم میں جاتا تھا اور اسی طرح سٹالن بھی۔
جبکہ اتاترک عثمانی دور کے ایک کمیشنڈ افسر تھے، بعد میں جرنیل اور فوجی کمانڈر بنے اور پھر لاتعداد جنگوں کے فاتح اور ایک عوامی انقلاب کے بانی، لیکن وہ جب بھی عوامی اجتماعات میں جاتے تو فوجی یونیفارم نہیں پہنتے تھے۔ ذرا غور کریں اس Line of Demarcation پر۔ میں نے ترکی کے انقلاب کے حوالے سے ایک نکتہ بار بار اپنی تحریروں اور تقریروں میں پیش کیا کہ لینن کا انقلاب 1917 ءمیں برپا ہوا، ختم ہوگیا، مشرقی یورپ میں سوشلسٹ ریاستیں دوسری جنگ عظیم کے بعد قائم ہوئیں، تحلیل ہوگئیں۔
اتاترک کا انقلاب 1923 ءمیں مکمل ہوا اور ابھی تک جاری ہے اور 2023 ءمیں ترک قوم، ریاست اور حکومت اس انقلاب کے سوسال منانے جارہی ہے۔ یہ انقلاب کیوں ناکام نہیں ہوا۔ اس کا جواب درج بالا اتاترک کے چھے فکری ستونوں میں ہے۔ ترک ریاست میں اہم ترین ستون سیکولرازم ہے۔ صدر اردوآن کی جماعت AKP سمیت تمام جماعتیں سیکولرازم اور ترک نیشنل ازم کو اپنی منزل قرار دیتی ہیں۔ پاکستان کے رجعتی نہ جانے کس طرح سیکولرازم کو ملحدانہ نظام قرار دیتے ہیں کہ ایسا سیکولر سماج جہاں پاکستان سے زیادہ مذہبی آزادیاں ہیں اور قوم خوش حال، یعنی خوشحال مسلمان، تعلیم یافتہ ترک (مسلمان) تو پھر سیکولر ازم ملحدانہ نظام کیسے؟
کاش ہم مغالطوں میں رہنے اور خواہشات کوتحقیق کہنا چھوڑ دیں تو دنیا کی معلومات اور علم کے دروازے ہم پر کھل جائیں۔ ترک ریاست سیکولر، سماج سیکولر، نظام سیکولر، اور ایک مسلمان اکثریتی قوم، تو پھر ملحدانہ نظام کیسے؟



