میڈیا کو چلانا حکومت کی ذمہ داری نہیں: وفاقی وزیرشفقت محمود
وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ رانا ثنا ءاللہ سے حکومت سے باہر رہنا برداشت نہیں رہا، اس لئے قومی حکومت بنانے کااعلان کردیا۔ میڈیا کوچلانا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمودنے کہا کہ رانا ثنااللہ اور دیگر مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سے حکومت سے باہر رہنا برداشت نہیں ہو رہا، اس لئے قومی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے تا کہ تھوڑی بہت طاقت مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اٹھارہ بلین کاخسارہ چھوڑ کر گئی، اگر مسلم لیگ ن کی کارکردگی اچھی ہوتی توعوام مسلم لیگ ن کو اس طرح مسترد نہ کرتی جس طرح کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال مسلم لیگ ن نے حکومت کی اور اس سے قبل پانچ سال پیپلزپارٹی نے حکومت کی، ان سے پوچھا جائے کہ ان کی حکومتوں نے لاپتہ افراد کیلئے کیا کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کے موقع پر غیر معمولی پذیرائی ملی اور امریکہ کو وزیر اعظم نے صاف صاف جواب دیا کہ اب ہم کسی کی بندوق کا کردار ادا نہیں کر سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چلانا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے۔ کیا میڈیا کا بزنس پلان یہی ہے کہ اس نے حکومتی اشتہاروں پر ہی چلنا ہے؟ حکومت اپنی مالی مشکلات کی وجہ سے میڈیا کو اشتہار نہیں دے پا رہی ہے ۔


