جے آئی ٹی رپورٹ میں اصل نشانہ بلاول بھٹو کو بنایا گیا ہے: حامد میر کا انکشاف


معروف صحافی حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف علی زرداری سے زیادہ بلاول بھٹو کو نشانہ بنایا گیا ہے اور حکومت کی انتہائی اہم شخصیت نے مجھے بتایا ہے کہ آصف زرداری پھنسیں یا نہ پھنسیں، مگر بلاول بھٹو ضرور پھنس جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف علی زرداری سے زیادہ بلاول بھٹو زرداری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مندرجات بہت سے ٹی وی چینلز پر آ رہے ہیں اور یہ بڑی عجیب و غریب بات ہے کہ جو رپورٹ ابھی سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئی اس کا متن اور تفصیلات بہت سے لوگوں کے پاس ہیں۔ مجھے یہ تفصیلات حکومت کی بہت اہم شخصیت نے بتائی ہیں اور میں حیران ہو رہا تھا کہ یہ رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئی اور انہیں یہ سارا کچھ پتہ ہے۔

حامد میر نے کہا کہ حکومت کی انتہائی اہم شخصیت مجھے یہ کہہ رہی تھی کہ آپ دیکھئے گا کہ آصف زرداری کا تو پتہ نہیں کہ وہ پھنستے ہیں یا نہیں مگر بلاول بھٹو زرداری ضرور پھنس جائیں گے جس سے میں نے اندازہ لگایا ہے کہ شائد ٹارگٹ صرف آصف علی زرداری نہیں بلکہ بلاول بھٹو زرداری بھی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین، دونوں کو ہی جیل میں بھیج دیا جائے۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ میرا سیاسی تجربہ اور بصیرت یہی بتا رہی ہے کہ یہ نئی باتیں نہیں ہیں۔ اگر نواز شریف، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی جیل چلے جاتے ہیں تو 100 دفعہ بھیجیں، اگر انہوں نے جرم کیا ہے تو انہیں سزا ملنی چاہئے۔ لیکن اگر اپوزیشن کی شخصیات کو جیل میں ڈالیں گے اور حکومت کی اپنی صفوں میں بیٹھے لوگوں کو نیب بلا کر چائے پلا کر واپس بھیج دیتی ہے اور یہ جیل میں نہیں جائیں گے اور ان کے خلاف عدالتیں کوئی فیصلہ نہیں کریں گی تو ملک میں استحکام تو نہیں آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ خوش ہو رہے ہیں اور شادیانے بجا رہے ہیں کہ نواز شریف بھی جیل جا رہے ہیں اور آصف علی زرداری بھی جیل جا رہے ہیں تو میں بھی یہیں پر ہوں اور خوش ہونے والے لوگ بھی یہیں پر ہیں، دیکھیں کہ جنوری یا فروری میں یہ لوگ ہنستے ہیں یا روتے ہیں۔

Facebook Comments HS