علی ترین کے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدتے ہی ان کے اثاثوں پر سوال اٹھ کھڑے ہوئے


تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پی ایس ایل سیزن فور کے لئے چھٹی ٹیم سب سے بڑی بولی دے کر خرید لی ہے۔ علی ترین کی جانب سے اتنی مہنگی ٹیم خریدے جانے پر لندن میں موجود پاکستانی ٹی وی چینلز سے وابستہ صحافیوں نے نیب سے نوٹس کا مطالبہ کردیا ہے۔

پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم فرنچائز کی فروخت کے لیے بڈنگ لاہور میں ہوئی جس میں علی ترین نے ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے۔ چھٹی ٹیم تقریباً 73 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے جو 7 سال کے لیے علی ترین کے ملتان کنسورشیم کے پاس رہے گی۔ علی ترین کی جانب سے اتنی مہنگی ٹیم خریدے جانے پر لندن میں پاکستانی ٹی وی چینلز سے وابستہ متعدد  صحافیوں نے نیب سے ان کے اثاثوں کی چھان بین کا مطالبہ کردیا ہے۔

جیو نیوز سے وابستہ مرتضیٰ علی شاہ نے کہا ”حال ہی میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے علی ترین نے 6 اعشاریہ 3 ملین ڈالر (تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے) میں خرید لی ہے۔ نہ ان سے ذرائع آمدن، رسیدوں یا منی ٹریل کا پوچھا جارہا ہے اور نہ ہی میڈیا پر ان کے خلاف جے آئی ٹی کا شور مچ رہا ہے۔ نیب بھی ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا رہا ہے“۔

دنیا نیوز سے وابستہ صحافی اظہر جاوید نے کہا ”ایک ایسا نوجوان جو ابھی تعلیم سے فارغ ہوا ہے جس کا دادا ایک معمولی پولیس اہلکار تھا جس کا باپ سپریم کورٹ سے نااہل ہے اور چند سال قبل تک چند ہزار کی تنخواہ پر لیکچرار تھا اس نے کیسے 6 ملین ڈالر کی ٹیم خریدی ؟ نیب کو اس کی تحقیقات کرنی چاہئیں کہ پیسہ کہاں سے آیا، کہیں کرپشن کا پیسہ تو نہیں“۔

 

سما ٹی وی کے بیورو چیف لندن سید کوثر کاظمی نے علی ترین کے پی ایس ایل کی ٹیم خریدنے پر اپنے موقف کا اظہار کچھ یوں کیا ”اس چھوٹے معصوم بچے سے کوئی ذرائع آمدن پوچھے گا کہ زندگی میں ایک دن کام نہیں کیا تو سرمایہ کہاں سے آیا ؟ یا یہ سوالات صرف بلاول بھٹو، حسن و حسین نواز کے لیے رہ گئے، جو عرصہ دراز سے کاروبار کر رہے ہیں اور ان سے 1970ء کی رسیدوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، کوئی ترین صاب کے اس سپوت سے پوچھے گا؟“۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).