ڈپریشن میں مبتلا افراد کے نام دپیکا پڈوکون کا کھلا خط


 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ڈپریشن کے عارضے کے حوالے سے اپنے مداحوں کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ ڈپریشن کے شکار خود کو اکیلا محسوس نہ کریں ان کے لیے مدد موجود ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون نے خط میں کہا ہے کہ آپ میں سے بہت سے افراد واقف ہوں گے کہ 2014ء کے موسمِ گرما میں مجھے بے چینی اور کلینکل ڈپریشن کا مرض تشخیص ہوا تھا، خوش قسمتی سے بروقت پیشہ ورانہ مدد اور آس پاس خیال رکھنے والوں کی وجہ سے مجھے بحالی کی راہ تک جانے کی طاقت ملی۔

دپیکا پڈوکون نے بتایا کہ جوں ہی میں نے اس کیفیت کو مزید پڑھنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ میری طرح لاکھوں افراد ایسے ہیں جو خاموشی سے اس مرض کو سہہ رہے ہیں۔ ڈپریشن پر بات کرنا میرے لیے امر محال تھا لیکن میں نے قومی ٹیلی و یژن پر اپنے اس امید پر اپنے ذاتی تجربے کے بارے میں بات کرنا شروع کی تاکہ دوسروں کو مدد کے لیے اور مدد کرنے کی تحریک ملے۔

اداکارہ نے کہا کہ بعد ازاں میں نے جون 2015ء میں لیو، لوو اینڈ لاف فاؤنڈیشن (جیو، پیار کرو اور مسکراؤ) کی بنیاد رکھی۔ اس کا مقصد تناؤ، ڈپریشن اور بے چینی کے بارے میں آگہی فراہم کرنا اور ذہنی مرض سے وابستہ تاثر کو واضح کرنا تھا جب کہ اب یہ فاؤنڈیشن اس ضمن میں آگاہی اور اس کے خاتمے کی ہراول دستہ بن چکی ہے۔

ہم ان تنظیموں کی مدد بھی کرتے ہیں جو دماغی صحت کے شعبے میں تحقیق، علاج اور بڑے پیمانے پر ملک گیر سروے کررہے ہیں۔ دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں قبل ہم نے ’ناٹ اشیمڈ‘ (شرمانے کی بات نہیں) نامی ایک انوکھی مہم شروع کی ہے جس میں ان افراد کا احوال شامل ہے جو حقیقی زندگی میں کسی ذہنی و نفسیاتی مرض کے شکار ہوئے ہیں یا ایسے ہی کسی مرض کے شکار ہیں اور مدد لینے میں طمانیت محسوس کرتے ہیں، جس طرح سے یہ مہم کامیاب ہوئی ہے اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).