مسائل کا حل صرف اور صرف آئین پر عمل کرنے میں ہے: قمر زمان کائرہ


قمر زمان کائرہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شخص کو یہ گمان ہوتا ہے کہ میں ہی سب سے بڑا ہوں اور مسائل کا حل اس کے پاس ہے لیکن مسائل کا حل صرف اور صرف آئین پر عمل کرنے میں ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ہمارے لیے کچھ نیا نہیں تھا۔ رپورٹ کی بہت ساری باتیں تو ہم وزراء سے سن رہے تھے۔ عدالت کا حکم تھا کہ کیس کے فیصلے تک ایسی رپورٹ پر میڈیا پر بات نہیں ہوگی۔

پی پی رہنما نے کہا کہ آج ایسا تاثر دیا گیا کہ جیسے تمام فیصلے ہوگئے اور ہم گناہ گار ثابت ہو گئے۔ ہم نے کوئی غلطی نہیں کی، ہم عدالت اور عوام میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم بتائیں گے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ اس سے پہلے کہاں کہاں دکھائی گئی ہے۔ سیاسی لوگوں کے ساتھ مل کر یہ رپورٹنگ ہوئی ہے۔ جے آئی ٹی نے عدالتی فیصلے کا تمسخر اڑایا ہے، اس کا بھی نوٹس ہونا چاہیے اور جس ادارے نے یہ رپورٹ بنائی ہے اس پر بھی ہمارے تحفظات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عدالتوں میں کیس لڑتے ہیں، عدالتوں سے نہیں لڑتے۔ ہر شخص کو یہ گمان ہوتا ہے کہ میں ہی سب سے بڑا ہوں اور مسائل کا حل اس کے پاس ہے لیکن مسائل کا حل صرف اور صرف آئین پر عمل کرنے میں ہے، سب نے مل کر مسائل حل کرنے ہوتے ہیں، کسی ایک شخص کے بس کی بات نہیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پیپلزپارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ماضی کے فیصلے اب نہیں ہوں گے۔ آج الف لیلیٰ سنی ہے جو ایک یک طرفہ کہانی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).