خواجہ عمران نذیر اور رانا مشہود احمد سمیت متعدد مسلم لیگی رہنما بیرون ملک چلے گئے


سابق وزرا اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما خواجہ عمران نذیر، رانا مشہود احمد اور مختلف کمیٹیوں میں ڈائریکٹر رہنے والے شریف خاندان کے قریب ترین بیوروکریٹس قیادت پر برا وقت دیکھتے ہوئے گرفتاریوں سے بچنے کے لئے بیرون ملک چلے گئے ہیں۔

نواز شریف کیس کے فیصلے سے تین روز پہلے تمام ارکان اسمبلی کو جو ملک سے باہر تھے یا جانا چاہتے تھے پارٹی کی طرف سے خصوصی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ملک میں موجود رہیں گے اور بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے کارکنوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ مسلم لیگی قیادت کی ہدایت کے باوجود خواجہ عمران نذیر فیصلے سے ایک روز پہلے اچانک بیرون ملک چلے گئے۔ ذرائع کاکہنا ہے خواجہ عمران نذیر ملائیشیا گئے ہیں۔ ان کے بیرون ملک جانے کی منصوبہ بندی خفیہ رکھی گئی جس کا قیادت کو بھی علم نہیں تھا۔

رانا مشہود احمد کافی دنوں سے بیرون ملک ہیں اور واپسی کے اعلان کے باوجود واپس نہیں آئے۔ خواجہ عمران نذیر کا نام لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر کے ناموں میں شامل ہے۔ وہ صوبائی وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔ رانا مشہود پر بھی کرپشن کے الزاما ت ہیں۔ وہ 2013 تا 2018 ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رہے، 2013 تا 2018 ان کے پاس 5 وزارتوں کے قلمدان بھی رہے۔ ذرائع کے مطابق وہ لیگی ارکان اسمبلی جو کسی طرح 56 کمپنیوں میں سے کسی کے ڈائریکٹر رہے ، پاکستان سے جانے کی کوشش کر رہے ہیں یا وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).