تھر کا ڈاکٹر اور ایک بوری کھجور
صحرا کے بیچوں بیچ ڈاکٹر کا ٹھکانہ جلتے جہنم میں ٹھنڈی چھایا تھی جنت کی۔ کنویں میں میٹھا پانی تھا اور ڈاکٹر کا نہ تھکنے والا وجود۔ دور دور سے لوگ گدھا گاڑی، بیل گاڑیوں پر سوار پیدل، اپنے کندھے پر مریضوں کو بٹھائے ہوئے کسی پہر بھی چلے آتے۔ مجھے ڈاکٹر سے اُلفت سی ہونے لگی تھی اور یہ سوچ سوچ کر تکلیف ہوتی تھی کہ اب میرے جانے کا وقت آگیا ہے۔
ایک روز ڈھلتی شام میں میں نے ڈاکٹر سے پوچھ لیا کہ وہ یہاں اس صحرا میں کیوں آئے تھے۔
”قسمت۔ “ انہوں نے مسکرا کر کہا، رُکے پھر بولے ”میری بیوی اور میں اس جگہ نہیں آئے تھے۔ صحرا کے شروع ہوتے ہی یہاں کا پہلا شہر ہے وہاں ڈپٹی کمشنر سے ملنے آئے تھے ہم دونوں۔ وہ میرا بچپن کا دوست تھا۔ میں میڈیکل کالج چلا گیا اور وہ مقابلے کے امتحان کے بعد سرکاری ملازم ہوگیا۔ میں جب ڈاکٹر بنا تو وہ یہاں کا ڈپٹی کمشنر تھا اس نے مجھے ایک ہفتے کی چھٹی لے کر بلایا کہ شہر سے دور اپنی بیوی کے ساتھ یہاں آرام کرلوں۔ یہاں آکر پھر میں واپس نہیں جا سکا، بات ہی کچھ ایسی ہوگئی تھی۔ “ بوڑھے ڈاکٹر نے ورانڈے کے جھروکوں سے آسمان کو دور تک دیکھتے ہوئے آہستہ سے کہا۔ ”مجھے ایک سگرٹ جلادو۔ “
میں نے سگریٹ جلا کر انہیں دیا انہوں نے ایک لمبا کش لے کر جیسے دھواں اپنے جسم کی ایک ایک اور تک پہنچایا ہوگا پھر آہستہ آہستہ سے وہ دھواں ان کی ناک سے اور مُنھ سے بادل کی طرح آسمان کی طرف چل دیا، ساتھ ہی انہوں نے اپنی بھاری آواز میں کہا تھا۔
”وہ دوسری رات تھی جب وہ آدمی اپنے گیارہ سالہ بیٹے کو لے کر آیا۔ ہم لوگ سوئے ہوئے تھے مگر وہ نہ جانے کس طرح سے چوکیداروں کی منت سماجت کرتا ہوا ڈاک بنگلے میں پہنچ گیا۔ نوکروں کے جگانے پر جب میں نے باہر نکل کر اس بچّے کو دیکھا تو اس کا جسم جیسے آگ میں جل رہا تھا۔ تھرتھراہٹ سے اس کے دانت بج رہے تھے۔ اس کی ماں اسے بار بار سنبھال رہی تھی مگر بچّے کو کسی پل چین تھا نہ آرام۔ وہ میرے پیروں پر گر گیا تھا۔ یہ میرا چوتھا بیٹا ہے ڈاکٹر۔ تین پہلے ایسے ہی مر چکے ہیں۔ “
یہ سن کر جیسے زمین میرے پیروں کے نیچے سے نکل گئی تھی۔ یہ کیا انصاف ہے میں نے سوچا تھا۔
”میرے بیگ میں ملیریا کے انجکشن موجود تھے، میں نے بچّے کو لٹایا، انجکشن لگایا، ٹھنڈے پانی سے ماتھے کی پٹی کرائی، ڈاک بنگلے کے برآمدے کے فرش پر لیٹے لیٹے چند گھنٹوں میں ہی بچّہ سنبھل گیا تھا۔ اس دم جتنی خوشی مجھے ہوئی وہ زندگی میں کبھی بھی نہیں ہوئی تھی۔ جس دن وہ لوگ واپس جارہے تھے تو نہ جانے کس کس طرح سے انہوں نے میرا شکریہ ادا کیا، الفاظ، آنسو اور چہرے پر شکرانے کی برسات۔ ان کے پاس دینے کو کچھ بھی نہیں تھا، نہ روپیہ، نہ زیور نہ چاندی، پہلی دفعہ مجھے لگا تھا کہ میں کتنا اہم ہوں اور یہ غریب لوگ کتنے لاچار اورمجبورہیں۔ پھر پورا ہفتہ میں سوچتا رہا کہ کیا کروں۔ ایک طرف شہر تھا، انگلینڈ جانے کی تیاریاں تھیں خوبصورت زندگی تھی، میڈیکل کالج میں طلباء کو پڑھانے کا کام شہر کے بڑے بڑے لوگوں سے یارانہ۔ دوسری طرف تکلیف دہ صحرا کے گاؤں، غربت کے مارے ہوئے لوگ۔ میں سوچتا رہا، سوچتا رہا یہاں تک ہمارے جانے کا وقت ہوگیا تھا۔“
”اس وقت جب سرکاری گاڑی میں ہم لوگ سوار ہی ہورہے تھے کہ ہم لوگوں نے دور سے بھاگتے ہوئے ہاتھ ہلاتے ہوئے اسی آدمی کو دیکھا۔ اسی بچّے کا باپ۔ اس کے بدن کے سارے کپڑے پسینے سے شرابور تھے اس کے چہرے پر تھکاوٹ اور آنکھوں میں چمک تھی۔ اس نے مجھے دیکھا اورا پنے کاندھے پر رکھی ایک کھجور کی بوری میرے قدموں پر رکھ دی۔ اپنے گاؤں سے یہ بوری اٹھائے ہوئے وہ ساری رات چلتا ہوا ڈاک بنگلہ پہنچا تھا۔ اپنے ڈاکٹر کو فیس دینے کے لیے۔ میں نے اسی سمے فیصلہ کرلیا کہ میں شہر میں نہیں رہوں گا۔ انگلینڈ نہیں جاؤں گا۔ میڈیکل کالج میں نہیں پڑھاؤں گا۔ میری ضرورت یہاں ہے۔ ان لوگوں کو، وہ ایک کھجور کی بوری مجھے ایسی لگی جسے قارون کا خزانہ ہے، ہیرے جواہرات، سونے کے ڈلوں سے بھرا ہوا۔“
”ایک ماہ کے اندر ہی ہم لوگ یہاں آگئے اورپہلے دن سے ہی مریضوں کا تانتا بندھ گیا۔ ملیریا کے بیمار سانپ کے کاٹے ہوئے لوگ، آنے کے چند ہی دنوں کے بعد وہ آدمی دوبارہ آیا تھا اپنی بیوی اور بچّے کے ساتھ۔ مجھے دیکھ کر اس نے میرے پیر چھوئے۔ اپنے اس چھوٹے سے بچّے کو میرے سامنے کھڑا کردیا، وہ بچّہ مجھے تکتا رہا جیسے میں آسمان سے آیا ہوں اس کی ماں مجھے دیکھتی رہی جیسے میں کوئی انسان نہیں دیوتا ہوں۔ بھگوان ہوں اور وہ ایسے ہی گڑگڑایا جیسے میں اس کا خدا ہوں۔ چھیالیس سال گزرگئے کوئی اپریل ایسا نہیں گزرا جب مجھے کھجور کی ایک بوری نہیں ملی ہو۔ قارون کے خزانے سے بھری ہوئی۔ رات رات بھر چل کر لانے والے کاندھے کی خوشبو لیے ہوئے، اس کے پسینے میں رچی ہوئی سونے کی ڈلیاں ایسے کھجور مجھے کہیں بھی نہیں ملتے ہیں خلوص محبت اعتقاد کی گرمی لیے ہوئے ہر سال میں اس کا انتظار کرتا ہوں۔“
ڈاکٹر نے ڈوبتے ہوئے سورج کی جانب غور سے دیکھا، سگریٹ کا ایک اور بھرپور کش لیا، زور کی کھانسی میں اس کی آواز پھنس گئی۔ شاید یہ آخری اپریل ہو۔



