صدر نہ ہی سہی گورنر تو بنا دیں


علیم فقیر درس ہمارے علاقے کے بہلول میاں تھے۔ قبر پرستی کے خلاف تھا کافی بار مار بھی کھائی لیکن اپنے مشن سے پیچھے نہ ہٹا، جہاں بھی جاتا رات کو قبرستان میں جا کر قبروں کی چادریں جلا دیتا تھا۔ ایک بار انہی حرکتوں کی وجہ سے کیس میں پھنسایا گیا، جج کے سامنے پیش کیا گیا جج نے پوچھا اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش کریں گے؟

کہا میرے دو گواہ ہیں ان کو سمن جاری کریں وہ گواہی دیں گے۔
پوچھا نام بتائیں۔
کہا کہ ایک سید عبداللطیف شاہ ولد حبیب شاہ ساکن بھٹ شاہ۔
دوسرا عثمان مروندی ساکن سیہون۔

تو جج کو ریڈر نے بتایا سر یہ بندہ عدلیہ کا مذاق اڑا رہا ہے یہ تو کب کے وفات پاچکے ہیں۔
جج نے کہا فقیر یہ دونوں گواہ وفات پا چکے ہیں کیا گواہی دیں گے۔
علیم نے کہا کہ حضور لوگوں کو بیٹا دے سکتے ہیں لیکن مجھ غریب کے حق میں گواہی نہیں دیں گے؟
جج بھی سیانا بندہ تھا اس نے ہنس کر کہا کہ فقیر کو آزاد کیا جائے۔

کچھ روز پہلے جیسے ہی وزارت داخلہ نے دو نمبرز دیے کہ ان پر شر پسند عناصر کے نام بمع ثبوت دیے جائیں تا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ مجھے خوشی ہوئی کہ یار شکر ہے کسی کو تو خیال آیا ریاست کی تباہی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا۔

اپنے جذبہ حبالوطنی کے تحت مجھ میں بھی شوق جاگا کہ ان شر پسندوں کی نشاندہی کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کروں۔ میں نے بھی ثبوت ہاتھ کر کے کال ملائی، آدھے گھنٹے کے بعد کال لگی اور بات ہوئی۔

السلام علیکم
وعلیکم السلام سر
سر میرے پاس دو بندوں کے خلاف ثبوت ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اوکے، ویلڈن، ہمیں آپ جیسے جوانوں پر فخر ہے، اپنا نام ایڈریس اور شناختی کارڈ نمبر بتائیں۔
میں نے فوراً نام ایڈریس اور کارڈ نمبر لکھوائے۔

جی سر اب ان شر پسندوں کے نام بتائیں۔
جی سر نوٹ کریں،
1۔ عمران خان نیازی ساکن بنی گالہ
2۔ عارف علوی ( دندان ساز) ساکن کراچی۔
جی سر ثبوت کیا ہے؟

سر آڈیو ریکارڈنگ جس میں دونوں اپنے لوگوں کو پی ٹی وی پر حملے کے لئے اکسا رہے ہیں۔
کیا اا اا اا اا ؟
آپ کو پتا ہے کس کی بات کر رہے ہو۔
جی سر دو شرپسندوں کی۔

لیکن ہم ان کے خلاف کچھ نہیں کر سکتے۔
کیوں بھئی؟ کیا دونوں امریکہ میں رہتے ہیں جو آپ کے دائرہ اختیار میں نہیں؟
نہیں نہیں آپ کو پتا ہے، ان میں سے ایک ایک صدرِ پاکستان ہے دوسرا وزیراعظم پاکستان ہے۔
لیکن سر ہیں تو شر پسند نا۔
نہیں انہوں نے چار سال پہلے کیا تھا اس لئے۔

اچھا تو کیا چار سال بعد باقی شر پسندوں کو صدر وزیراعظم اور مشیر بناؤ گے؟
میرا یہ بولنا تھا سامنے سے شٹ اپ کہہ کر کال کاٹ دی گئی۔

میں حیران ہوں جب نیازی اور علوی کو شر پسندی پر صدر اور وزیراعظم بنایا جاسکتا ہے تو پھر خادم رضوی اور پیر فضل کو کم از کم مشیر اور گورنر تو بنایا جائے، انہوں نے خان کی طرح 126 دن نہ سہی تین دن تو ملک کی خوب خدمت کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).