مائ نیم از پنکی!

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

او بھائی کدھر منہ اٹھائے چلے آرہے ہو۔ کس سے ملنا ہے

شہید سے

کس شہید سے۔ جنت تو شہیدوں سے بھری پڑی ہے

شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو دختر ذوالفقار علی بھٹو شہید ہمشیرہ مرتضی ٰ بھٹو شہید ہمشیرہ شاہنواز بھٹو شہید۔ماڈرن مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہ

مگر آپ کی تعریف؟

جی میں روزنامہ فیس بک کا ایک معمولی رپورٹر ہوں اور شہید بی بی کا انٹرویو کرنا چاہتا ہوں

اچھا وہ سامنے پیپل کے نیچے بیٹھ جاؤ۔ پتہ کرکے بتاتے ہیں۔
۔۔۔۔۔

یار اتنی دیر ہوگئی ہے کچھ پتہ چلا

بھئ صبر کرو۔ فرشتے ڈھونڈ رہے ہیں۔ جونہی کوئی اطلاع ملی بتا دیں گے
۔۔۔۔۔

کچھ چلا پتہ؟

یار تمہیں کہا ہے ناں صبر کرو۔ جاؤ بار بار میرے پاس مت آیا کرو۔ کوئ اطلاع ملی تو
بتا دیں گے
۔۔۔۔

ادھر آؤ۔ ہم نے بہت پتہ کروایا ہے وہ یہاں نہیں ہیں غالباً

تو پھر کہاں ہیں؟

مجھے کیا پتہ۔ دوزخ یا سندھ جا کر چیک کرلو
۔۔۔۔۔۔

نواں آیا ایں سوہنڑے آ

نہیں میں نے جہنم نہیں جانا

تو پھر ادھر کیا آم لینے آئے ہو؟

میڈم بینظیر بھٹو سے ملاقات کرنی تھی ۔ ان کا ایک چھوٹا سا انٹرویو کرنا ہے

ایک تو ہم تم صحافیوں سے بہت تنگ ہیں۔ جاؤ وہ کیکٹس کے ساتھ جا کر بیٹھ جاؤ۔ اتنی بڑی جہنم ہے اب کسے کسے ڈھونڈتے پھریں
۔۔۔۔۔

جناب کچھ پتہ چلا؟

ماما ویٹ کر۔ تمام نمائندے مصروف ہیں
۔۔۔

جناب کچھ پتہ چلا؟
اوۓ تم پھر میرے پاس آئے تو تمہیں بھی اندر ڈال دوں گا۔ کہا ناں تمام نمائندے مصروف ہیں
۔۔۔۔

قبلہ تین دن ہوگئے ہیں اب تو کچھ بتا دیں

یار ایک منٹ رکو میں فون پہ چیک کر کے بتاتا ہوں
ہیلو! ہاں کیا نہیں ملی ابھی تک۔ سارا چیک کیا ہے ۔ وہ القارعہ والی سائیڈ بھی دیکھی تھی؟ اچھا اچھا اوکے۔ باۓ

نہیں جناب آپ جاسکتے ہیں۔ محترمہ یہاں نہیں رہتیں

نہ جنت میں ہیں نہ جہنم میں۔ تو پھر کہاں ہیں؟

ہمیں پتہ ہوتا تو تمہارے ساتھ مغز ماری کر رہے ہوتے۔ جاؤ اب ادھر سے دفعہ ہو جاؤ۔ برزخ سے پتہ کرو ادھر سے شاید مل جائیں۔۔۔
۔۔۔۔۔

سلام جناب! بی بی شہید سے ملنا تھا

کونسی وہی ٹیکسی گشتی؟

تمیز سے بات کریں وہ ہمارے دلوں پہ اب بھی راج کرتی ہیں

چل چل بڑے آئے تیرے جیسے جیالے۔ یہ کون سا میں اپنی طرف سے کہہ رہا ہوں۔ جب آپ زندہ تھیں۔ تب تمہارے اکثر ہم وطن یہی کہتے تھے۔ ہم تو وہی کہتے ہیں جو جو سنتے ہیں

مطلب آپ بی بی کو جانتے ہیں۔ پھر میری ان سے ملاقات تو کروا دیں۔ ان سے ملنے کیلئے جانے کب سے خوار ہوۓ پھرتے ہیں۔۔۔

میں نے کوئ دس گیارہ سال پہلے انہیں دیکھا تھا۔ اس کے بعد کی کوئی خبر نہیں۔
آپ وہ سامنے آم کے درخت کے نیچے کچھ دیر انتظار فرمائیے۔ فی الحال سسٹم ڈاؤن ہے۔ جونہی ٹھیک ہوا آپ کو اطلاع مل جائے گی
۔۔۔۔

یار میں نے سارا ریکارڈ چیک کیا ہے ۔ باقی سارے بھٹو ادھر ہیں مگر ان کی کوئی خبر نہیں

یہ کیسے ممکن ہے

یہاں سب ممکن ہے

تو باقی بھٹو بھی ان کے متعلق کچھ نہیں جانتے؟

یہاں سب ایک دوسرے سے بے خبر ہیں

نہ وہ جنت میں نہ دوزخ میں نہ برزخ میں۔
تو میں انہیں اب کہاں تلاش کروں؟ ان کے علاوہ کوئی اور جگہ بھی ہے؟

میرے خیال میں وہ جنت میں ہی ہونگی ۔تم ایک بار پھر جاؤ وہاں۔ میں ایک رقعہ لکھ کر دے دیتا ہوں۔ امید ہے اس بار وہ تم سے تعاون کریں گے۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔

اوۓ کاکا تم پھر سے آگئے؟ اب کس سے ملنا ہے

شہید رانی سے ہی۔ میرا پاس ایک سفارشی رقعہ بھی ہے۔ پلیز اس بار تعاون کیجیئے

دکھا ذرا۔۔۔

اچھا وہ سامنے برگد کے نیچے کچھ دیر بیٹھ جاؤ۔ جلد بتاتے ہیں
۔۔۔۔۔

ادھر آؤ۔ یہ کارڈ لگالو۔ دس منٹ کا وقت ملا ہے۔ گیارہویں منٹ پہ باہر ہونا چاہیئے تمہیں ۔ سمجھ گئے ناں

جی جی بہت شکریہ!

۔۔۔۔

شہید بی بی آپ نہیں جانتیں۔ آپ سے ملنے کیلئے یہ عاشق کتنا خوار ہوا ہے۔ بہت بہت خوشی ہوئی آپ سے مل کر

کون شہید بی بی۔ مائ نیم از پنکی

بی بی جی مگر ہم آپ کا احترام کرتے ہیں

کاہے کا احترام؟ تم لوگوں نے نہ میرے باپ بھائی کے قاتلوں کا کچھ کیا۔ نہ میرے قاتلوں کا۔ تو پھر احترام کاہے کا؟

بی بی ہم شرمندہ ہیں تمہارے قاتل زندہ ہیں

یہ شرمندگی اپنے پاس رکھئے۔ یہ ہمارے کسی کام کی نہیں

بی بی آپ جانتی ہی ہیں پاکستان کا سسٹم۔ کہاں سے قاتل پکڑیں؟ تمام نظام نے پہن رکھے ہیں دستانے

ہاہاہاہا۔ جسٹ چل۔ اب ملنے آہی گئے ہو تو کچھ اور باتیں کرتے ہیں۔ مجھے پاکستان کے ذکر سے بھی چڑ ہے۔۔۔

مگر بی بی آپ کی پارٹی ابھی بھی زندہ ہے۔ اور آپ کا مشن جاری رکھے ہوئ ہے

کونسی پارٹی؟ کیسا مشن؟ میں کچھ نہیں جانتی

بی بی ایسا نہ بولیں۔ اب تو آپ کے تمام جانی دشمن اور مخالفین بھی آپ کے گن گاتے ہیں۔ آپ اب بھی عوام کے دلوں میں بستی ہیں۔ ہر سال آپ کی سالگرہ اور برسی بہت اہتمام سے منائ جاتی ہے اور آپ کو یاد کر کر کے اب بھی لوگ بہت روتے ہیں۔۔۔

ہوا جب غم سے یوں بے حس تو غم کیا سر کے کٹنے کا؟ بھاڑ میں جائے سب۔ نہ اسٹیبلشمنٹ نے سدھرنا ہے نہ میرے وطن نے۔ مجھے اب کسی کی پرواہ نہیں۔۔۔ آپ بتائیں کچھ گرم چلے گا یا ٹھنڈا؟

نہیں بی بی وقت بہت کم ہے۔ بس آپ کے درشن ہوگئے یہ بھی سوا جنت سے کم نہیں

کال می پنکی پلیز!

پنکی پنکی پنکی۔۔۔

ارے یہ آپ رونا کیوں شروع ہوگۓ؟

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •