صدر عارف علوی نے مسجد میں داخلے کے لئے بھی نمازیوں کی قطار بنوا دی


صدر مملکت عارف علوی کی کراچی کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر اہل محلہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان وی آئی پی پروٹوکول کے سخت خلاف ہیں اور انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کے باوجود صدر عارف علوی کو وی آئی پی پروٹوکول دیے جانے کی متعدد خبریں سامنے آ چکی ہیں۔
گزشتہ روز بھی صدر عارف علوی نے کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی کی مسجد بلال میں نماز جمعہ ادا کی تو سیکیورٹی کے باعث اہل محلہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

مسجد میں داخلے کے لیے نمازیوں کو قطار لگانا پڑی۔
صدر مملکت کی سیکیورٹی پر ناراض شہری نے لمبی قطار کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر دی۔

ویڈیو میں ایک شہری کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اس طرح کو خانہ کعبہ میں بھی نہیں جاتے ہم لوگ، یہ عارف علوی کا پروٹوکول ہے۔
قطار کی ویڈیو بنانے والے شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا ہے جس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے گیا اس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا ہو رہا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں، ایسی نماز کا ثواب بھی ختم ہو جاتا ہو گا جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).