وفاقی کابینہ نے 20 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش مسترد کر دی: فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 20 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش مسترد کر دی ہے ، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ ابھی موصول نہیں ہواہے، ملنے کے بعد عملدرآمد شروع ہو جائے گا ۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری، مرادعلی شاہ اور فریال ٹالپور کرپشن اسکینڈل میں مرکزی کردارہیں۔ سندھ کے عوام کے حقوق پر بہت بڑا ڈاکا ڈالا گیا۔ یہ افراد بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں ڈالربیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہیں۔ جے آئی ٹی کی سفارشات پر 172 افراد کے نا م ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔ وزارت قانون نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کافیصلہ ابھی تک انہیں نہیں ملا، تحریری فیصلہ آتے ہی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظرثانی اپیل دائر کرے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں فروغ نسیم ، شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ شامل ہیں، جو ای سی ایل میں شامل ناموں کاجائزہ لے گی۔ کمیٹی جائزہ لے گی کہ فیصلے کےخلاف عدالت جانا ہے یا نہیں؟ وفاقی کابینہ نے 20 افراد کے نا م فوری طور پر فہرست سے نکالنے کی سفارش مسترد کر دی۔

Facebook Comments HS