صرف 20 ممالک میں مکمل جمہوریت: پاکستان میں زوال کا شکار

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  • 11
  •  

برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا کے صرف 20 ممالک میں مکمل جمہوریت ہے جبکہ پاکستان میں جمہوریت زوال کا شکار ہے۔ جمہوری ممالک میں پاکستان 112 ویں اور بھارت 41ویں درجے پر ہے۔ ناروے سرفہرست ہے جبکہ امریکا میں بھی مکمل جمہوریت نہیں۔

برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کے تحقیقی ادارے ’انٹیلی جنس یونٹ‘ کے نئے جمہوری معیارات کے مطابق پاکستان میں جمہوریت زوال کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان کو انڈیکس مخلوط نظام کی کیٹیگری میں شمار کیا گیا اور فہرست میں 112ویں درجے پر رکھا گیا۔ دنیا کی صرف 4 ااعشاریہ 5 فی صد آبادی مکمل جمہوریت میں رہتی ہے۔

عالمی انڈیکس کے مطابق دنیا بھر کے صرف 20 ممالک میں مکمل جمہوریت ہے جبکہ 57 ممالک ایسے ہیں جہاں حکومتی نظام ناقص ہے تاہم وہ تقریبا جمہوریت کے قریب ہیں۔ 39 ممالک کو نیم جمہوریت میں شمار کیا گیا جہاں انتخابی عمل شفاف نہیں، سول سوسائٹی اور قانون کی عملداری بھی کافی کمزور ہے۔

انڈیکس کے مطابق 53 ممالک میں جمہوریت کا وجود نہیں۔ دنیا کے بہترین 10 جمہوری ممالک میں سرفہرست 9اعشاریہ87 اسکور کے ساتھ ناروے ہے دیگر میں آئس لینڈ، سویڈن، نیوزی لینڈ، ڈنمارک، کینیڈا، آئرلینڈ، فن لینڈ، آسٹریلیا اور سوئٹز لینڈ بالترتیب شامل ہیں۔

اس انڈیکس کے آخر ی ممالک جہاں آمرانہ طرز حکومت ہے ان میں سرفہرست شمالی کوریا، شام، کانگو، وسطی افریقا، چاڈ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 2018ء میں جمہوریت کے زوال میں ذرا سا ٹھہراؤ دیکھا گیا ،تاہم دنیا بھر میں جمہوریت کو ماضی کی نسبت زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔

2017ء میں دنیا بھر میں جمہوریت زوال کی جانب گامزن تھی۔ اس انڈیکس میں دنیا کے 167 ممالک میں جمہوریت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ 42 ممالک میں جمہوریت کو زوال جبکہ 48 ممالک میں صورتحال بہتر ہوئی۔ اس انڈیکس میں پاکستان 4 اعشاریہ 17 کے مجموعی اسکور کے ساتھ دنیا میں 112ویں نمبر پر ہے، اس لحاظ سے پاکستان کو’’ نیم جمہوریت یا مخلوط نظام‘‘HYBRID REGIME کے درجے میں شمار کیا گیا۔

پاکستان کے 2014ء کے بعد سے مجموعی اسکور میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ 2006ء میں پاکستان 3 اعشاریہ 92 اسکور کے ساتھ آمرانہ نظام والے ممالک کی فہرست میں شامل تھا، 2013ء اور 2014ء میں یہ اسکور 4اعشاریہ 64رہا، 2015ء میں 4اعشاریہ 40، 2016ء میں 4اعشاریہ 33 اور 2017ء میں 4اعشاریہ 26 اسکور رہا اور یوں پاکستان میں جمہوریت زوال کی جانب گامزن ہے۔

امریکا بھی مکمل جمہوریت والے ممالک میں شامل نہیں بلکہ 2017 کے مقابلے میں امریکا کے درجے میں تنزلی ہوئی اور 21ویں سے 25 نمبر پر آگیا۔ برطانیہ 14ویں پر ہے۔ یورپ کے کچھ ممالک میں جمہوریت زوال کی جانب ہے۔ سب صحارا افریقی ممالک اور ایشیا میں جمہوری صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کو دیکھیں تواس انڈیکس میں بھارت 41ویں، چین 130، افغانستان 143 اور ایران 150 نمبر پر ہے۔ انڈیکس میں عالمی سطح پر حکومتوں کو چار حصوں، مکمل جمہوریت، تقریباً یا ناقص جمہوریت، نیم جمہوریت یا مخلوط نظام اور مطلق العنانیت یا آمرانہ نظام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جمہوریت کی صورتحال پرکھنے کیلئے 5 اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جن میں انتخابی عمل، حکومتی عمل داری، سیاسی شرکت، جمہوری سیاسی کلچر اور شہری آزادی شامل ہیں۔

image_pdfimage_print
Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  • 11
  •  

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں