کیا اختر مینگل حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں؟
اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت نے حزب اختلاف کے اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق بی این پی (مینگل) نے سینیٹ نشست میں حمایت نہ ملنے اور دیگر مطالبات پورے نہ ہونے پر حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ بی این پی (مینگل) کے وفد نے منگل کے روز اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کی جسے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے حکومتی اتحاد سے الگ ہونے میں پہلا عملی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے بی این پی مینگل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ان کا ایک بھی مطالبہ پورا نہیں کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ان کے 6 نکاتی ایجنڈا میں سے ایک بھی ایجنڈا پر عمل نہیں کیا۔ دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس کل بدھ کو کراچی میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرداراختر مینگل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینٹ کے ضمنی انتخاب کے نتائج اور پی ٹی آئی سے وفاق میں تعاون کا جائزہ لیئے جانے سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی کل 4 نشستیں ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اگر حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا فیصلہ کرتی ہے، تو ایسے میں حکومتی نمبرز 176 سے کم ہو کر 172 تک آ جائیں گے۔ یوں حکومتی اراکین اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی تعداد برابر ہو جائے گی۔


