کسی کو اٹھاکر پھانسی نہیں لگاسکتا، ساہیوال رپورٹ کا انتظار کیا جائے، عثمان بزدار


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں کسی کو اٹھاکر اس طرح پھانسی نہیں لگاسکتا اور جے آئی ٹی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق خلیل کے خاندان کیساتھ ہیں، متاثرہ خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔

صحافیوں کے تند و تیز سوالات کا جواب دیتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ جو بھی واقعہ ہوتا ہے، میں کسی کو اٹھاکر اس طرح پھانسی نہیں لگا سکتا، اس کی انکوائری رپورٹ آنے دیں، کل شام 5 بجے تک رپورٹ کا انتظار کریں پھر مجھ سے سوال کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کل شام 5 بجے جے آئی ٹی کی رپورٹ مل جائے گی اور اسی وقت دوبارہ اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا، میں اس معاملے کو خود دیکھوں گا اور ایکشن کرکے دکھاؤں گا
پرانے پاکستان اور نئے پاکستان کی جے آئی ٹی میں واضح فرق نظر آئے گا، آپ دیکھیں گے کہ ہم نے کیا کچھ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ساہیوال کے ذمہ دار افراد کو سخت سے سخت سزا ملے گی، وزیراعظم

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، امن وامان کی صورتحال تسلی بخش نہیں، اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے انتظامیہ اور پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے، پولیس اور انتظامیہ کو مضبوط کریں گے، پولیس کا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اسے عوام دوست رویہ اپنانا چاہیے، سابق دور میں پولیس اور انتظامیہ کیساتھ جو کچھ ہوتا تھا ہم نے نہ وہ کیا ہے، نہ کریں گے، اصلاحات لاکر چیزوں کو بہتر بنایا جائے۔
بشکریہ ایکسپریس۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).