پاکستان کا اصل مسئلہ: نان پروفیشنل ٹانکے بازی


پاکستان میں اصل مسئلہ ”دھرنٹ پنا“ مطلب سینہ زوری کا کلچر ہے۔ پروفیشنلزم کا فقدان ہر شعبے میں۔ کسی بھی ملک کی پارلیمنٹ، وہاں ہونے والی بحثوں، وہاں ہونے والی سماعتوں کا موازنہ کر لیں، اپنے قائدین اور باہر کے لیڈرز کی قامت کا اندازہ ہو جائے گا۔ لیڈروں کو دھرنٹ پنا چاہیے۔ بے لگامی۔ بے مہاری۔ مطلب پولیس سلام کرے، جھنڈے والی کار ہو۔ اور تھانوں میں انصاف یہ قائدین اپنے منشا سے فرمائیں۔ ان پر قانون کا اطلاق نہ ہو۔

انصاف کے ذمہ داروں کو بھی دھرنٹ پنا چاہیے۔ اپنا کام نہیں ہوتا لیکن عوام کی ہمدردیاں بٹورنے کے لیے پاپولزم کے شکار منصفین کی ایک فہرست ہے۔ اپنا کام ندارد۔ پولیس کا یہی حال ہے۔ وہ پروفیشنلزم پر نہیں، باس ازم اور اپنے مفاد پر کام کرتی ہے۔ بندے تک قتل کر دیتی ہے اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لیے۔ استثنی کے ساتھ ان کے چہروں پر نحوست، رویوں میں دھونس ہو گی۔ دوسری انتہا بھی ہے۔ مرعوبیت بھی کمال درجے کی۔ بس اچھے کپڑے اچھی گاڑی ہونی چاہیے آپ کے پاس۔ پھر سلیوٹ مارے گی۔

بھلے اپ خود یاآپ کا ساتھی جرائم پیشہ ہو۔ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے ایک رعب دار جرائم پیشہ شخص کو۔ کس اعتماد سے وہ ناکوں پر کھڑے پلسیوں کی دوڑیں لگواتا تھا۔ یہ پلس والے دس بندے سیاستدانوں اور ریاستی اداروں کے لیے مارتے ہیں تو تین چار اپنی تفریح طبع کے لیے بھی۔ ہم صحافیوں کا حال دیکھ لیں۔ جو نیوز روم میں ہیں، جو اس شعیے میں ہیں ان کو پتا ہے میں کیا کہہ رہا ہوں۔ پورے نیوز روم میں ایک دو لوگ ہی اپنے پیشے کو سمجھتے ہیں، باقی بس چپڑ قنات، پنکچر لگانے والے۔ ایک جملہ لکھ سکتے ہیں نہ بول سکتے مگر اداروں کے اندر ان کی دھاک دیکھیے۔

ہمارے ہاں انجیینر نہیں چھوٹو ہیں۔ مکینک ہیں، ٹامک ٹوئیوں والے۔ ان کے ٹانکے کبھی کبھی لگ جاتے ہیں، مگر اکثر انجن کا، گاڑی کا بیڑہ غرق کر جاتے ہیں۔ ہر جگہ اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انسان سازی کی ضرورت ہے۔ اگر یہ ہدف مشکل ہے تو خدارا اپنے لوگوں کو روبوٹ ہی بنا دیں۔ وہ پروگرامنگ اور کوڈز کے مطابق چلتے ہیں۔ کم از کم دھرنٹ نہیں ہوتے۔ رنگ بازی نہیں کرتے۔

Facebook Comments HS

اسد حسن

اسد احمد وائس آف امریکا کے نشریاتی ادارے سے وابستہ ہیں۔ اور اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے علاوہ کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے معاملات پر گہری آنکھ رکھتے ہیں۔غالب امکان ہے کہ آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ّہم سبٗ پڑھنے والے اسد احمد کے فوری، تیکھے اور گہرے تجزیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

asad-ahmad has 16 posts and counting.See all posts by asad-ahmad